اوپن یونیورسٹی میں ریجنل ڈائریکٹرز کانفرنس کا انعقاد

منگل 20 دسمبر 2022 22:22

اوپن یونیورسٹی میں ریجنل ڈائریکٹرز کانفرنس کا انعقاد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 دسمبر2022ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ریجنل ڈائریکٹرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ سمسٹر بہار 2023کے داخلے 15جنوری سے شروع ہورہے ہیں، داخلوں کی تعداد میں اضافے کے لئے پردفیشنل طریقے سے مارکیٹنک حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی خدمت کی حقیقی ضرورت ملک کے دور افتادہ علاقوں میں ہے، ملک کے پسماندہ علاقوں تک یونیورسٹی کا پیغام پہنچانے کے لئے یونیورسٹی کے علاقائی ناظمین کو مزیدمتحرک ہونے کی ضرورت ہے تاکہ حصول علم کے متلاشی تمام افراد کو تعلیمی نیٹ میں شامل کیا جاسکے۔

کانفرنس میں سندھ اور بلوچستان کے ریجنل ڈائریکٹرز نے آن لائن شرکت کی جنہوں نے طلبہ کے انحصار اور ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مختلف تجاویز دیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے اجلاس کی میزبانی کے فرائض انجام دئیے۔علاقائی دفاتر کی کارکردگی کو بہتر بنانے، طلبہ کی سہولتوں میں اضافہ کرنے اور طلبہ کا ریجنل کیمپس تک رسائی کو آسان بنانے کے لئے سندھ اور بلوچستان کے دور افتادہ تحصیلوں کے طلبہ کوطلبہ کی رہائش گاؤں کے قریب ترین تحصیلوں میں ضم کرنے ، بعض علاقوں میں فیسی لیٹیشن اور ماڈل سٹڈی سینٹرز کا قیام بھی زیر غور آیا۔

ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ طلبہ کی سہولتوں میں اضافہ کرنے اور یونیورسٹی کی مجموعی ترقی کے لئے تمام بڑے فیصلے ریجنل ڈائریکٹرز کی مشاورت اور ان کی تجاویز پر کئے جائیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے،ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے کہا کہ وائس چانسلر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایک جانب ریجنل کیمپسز کی کارکردگی بہتر ہوگی تو دوسری جانب طلبہ کی تعلیمی سہولیات میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ داخلوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، ہر سمسٹر میں گذشتہ سمسٹر کی نسبت داخلے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر حکمت عملی اور علاقائی ناظمین کی سپورٹ سے ہم داخلوں کی تعداد کے لئے مقررہ حدف کے حصول میں بہت جلد کامیاب ہوجائیں گے۔#/h#