پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے تعاون سے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کیلئے خصوصی میٹرو بس کا اجراء

وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کی قیادت میں اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں‘مخدوم سید طارق محمود الحسن

پیر 26 دسمبر 2022 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2022ء) وائس چیئرپرسن پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن مخدوم سید طارق محمود الحسن نے کرسمس کی مناسبت سے خصوصی میٹرو بس کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کرسمس کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے لیے پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے تعاون سے خصوصی میٹرو بس کا آغاز کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کامران پرویز چوہدری کو آرڈینیٹر اقلیتی برادری، مبین سلطان کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئر اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیت بھی موجود تھیں۔ وائس چیئر پرسن او پی سی مخدوم سید طار ق محمود الحسن نے کہا کہ حکومت مسیحی برادری سمیت تمام مذہبی اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لیے کوشاں ہے۔ پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن میں اقلیتی برادری کو نمائندگی دیتے ہوئے اقلیتی کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے جو دیار غیر میں بسنے والے غیر مسلم پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے میں معاونت کرئے گا۔ وائس چیئرپرسن او پی سی مخدوم سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کی قیادت میں اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔