وفاقی پولیس امن و امان یقینی بنانے کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان جاری کر دیا

منگل 27 دسمبر 2022 23:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2022ء) وفاقی پولیس امن و امان یقینی بنانے کے لئے خصوصی سکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے ، داخلی اور خارجی راستوں ، بس اڈوں اور میٹرو بس سٹیشنز پر مسافرو ں کی نقل و حرکت کی موثر نگرانی کی جائے گی ، شہر بھر میں 25 عارضی چیک پوسٹیں قائم کر دی گئیں ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وفاقی پولیس کی جانب سے بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جاری کئے گئے خصوصی سکیورٹی پلان کے مطابق شہر میں 25 عارضی چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں جبکہ ملکی و غیر ملکی شہریوں کو اپنی شناختی دستاویزات ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، ریڈ زون کے داخلی راستوں کی سیف سٹی کیمروں سے ریکارڈنگ کی جائے گی جبکہ میٹرو بس کے مسافروں کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پولیس نے اسلام آباد کے شہریوں سمیت غیر ملکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑیوں پر ایکسائز دفتر سے جاری شدہ نمبر پلیٹ استعمال کریں، غیر نمونہ نمبر پلیٹ اور غیر رجسٹرڈ شدہ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید ہدایت کی گئی کہ کرایہ داروں اور ملازمین کا اندراج قریبی پولیس سٹیشن یا خدمت مراکز پر کروائیں، جن افراد نے غیر رجسٹرڈ مقامی یا غیر ملکی ملازم رکھے ہوئے ہیں ان کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی اطلاع 15 ہیلپ لائن پر حکام کو دیں۔