ترکیہ میں اسرائیل کی نئی سفیر نے صدر رجب طیب اردوان کو سفارتی اسناد پیش کردیں

بدھ 28 دسمبر 2022 10:30

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2022ء) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے انقرہ میں اسرائیل کی نئی سفیر سے سفارتی اسناد وصول کی ہیں۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوری 2021 سے انقرہ میں اسرائیلی سفارت خانے کی ناظم الامور کے طور پرکام کرنے والی ایریت للیان کواسرائیل کی نئی سفیر مقرر کیا گیا ہے۔انھوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو اپنی سفارتی اسناد پیش کرنے کے بعد سفیر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔

ترکیہ اور اسرائیل نے رواں سال اعلیٰ سطح کے دو طرفہ دوروں سے تعلقات کو بہتر بنانا شروع کیا،دونوں ملکوں نے اگست میں باہمی طور پر سفیروں کے تقرر سے اتفاق کیا تھا۔ اسرائیل کے نامزد وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نےگزشتہ ماہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ترک صدرسے بات چیت کی تھی اور انھوں نے باہمی مفادات کے احترام پرمبنی تعلقات میں ایک نئے دور کی تشکیل کے لیے مل کرکام کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسرائیل اور ترکیہ کے درمیان تعلقات ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے کشیدہ ہیں۔ترکیہ نے 2010 میں محصورین غزہ کے لیے بھیجے گئے ایک امدادی جہازپر اسرائیلی کمانڈوز کے حملے کے بعد اسرائیل سے ہرقسم کے تعلقات منقطع کرلیے تھے اور انقرہ میں اس کے سفیرکو ملک بدر کر دیا تھا۔اس امدادی قافلے پر اسرائیلی کمانڈوز کے حملے میں 10 ترک شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔

دونوں ممالک میں سفارتی تعلقات 2016 میں بحال ہوئے تھے لیکن 2سال کے بعد ترکیہ نے اسرائیل سے اپنے سفیرکوواپس بلا لیا اور اسرائیلی سفیر کوایک مرتبہ پھرملک بدر کردیا تھا۔اس نے یہ فیصلہ اسرائیلی افواج کے غزہ کی پٹی میں فلسطینی مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے ردعمل میں کیا تھا۔اسرائیلی فوج کی اس جارحیت میں متعدد فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔