عوام محرومیوں اور مایوسی کی کے شکار حکمران غفلت کی نیند سو رہے ہیں، رہنماء جماعت اسلامی لاہور

جمعہ 30 دسمبر 2022 23:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 دسمبر2022ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ، میاں ذکر اللہ مجاہد اور عبدالعزیز عابد نے کہا ہے کہ مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، حکومتی شاہ خرچیاں عروج پرہیں۔ عوام محرومیوں اور مایوسی کی کے شکار حکمران غفلت کی نیند سو رہے ہیں۔ کھانے پینے کی اشیاء عوام کی قوت خرید سے اور بھی زیادہ دور ہوگئیں۔

مہنگائی، بے روزگاری اور گیس لوڈشیڈنگ نے تابڑ توڑ حملوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ایک طرف ملک میں گوادر کے مجبور عوام پر زندگی تنگ کی جارہی ہے۔ جس کے خلاف مقامی افراد قائد حق دو گوادر کو تحریک مولانا ہدایت الرحمن کی قیادت میں گزشتہ 2 ماہ سے سراپا احتجاج ہیں۔ ان کا مطالبہ نہ کوئی میٹرو بس ہے نہ اورنج لائن ٹرین، وہ صرف بنیادی انسانی ضروریات مانگ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایشیا کی سب سے بڑی بندرگاہ کے رہائشی بجلی صاف پانی اور روزگار دشمن ٹرالر مافیا سے نجات چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی غربی لاہورملتان چونگی پر قاتل مہنگائی و بے روزگاری، گیس لوڈشیڈنگ اور پر امن گوادر دھرنے کے شرکاء پرلاٹھی چارج، آنسو گیس شیلنگ اور ناجائز گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

احتجاجی میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم، صدر سیاسی کمیٹی و نائب امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد، امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبدالعزیز عابد، صدر یوتھ حافظ ذوالنون نے بھی خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں ملک میں جاری مہنگائی بے روزگاری اور پر امن گوادر دھرنے کے شرکاء پرحکومتی دہشتگردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

احتجاجی مظاہرے سے قائدین نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے عوام کی زندگی بے پناہ مسائل اور بحرانوں سے عذاب بنادی ہے۔ بلوچستان سمیت ملک بھرکی عوام محرومیوں کے شکار ہیں اور ہر آنے والا دن ان کی محرومیوں میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔ حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں۔ بیوروکریسی سب اچھا کی رپورٹ دے رہی ہے۔ گزشتہ تین دنوں میں سینکڑوں مظاہرین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

گوادر کی مائیں بہنیں،بیٹیاں سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو چکی ہیں۔ وہاں پر موبائل فون، انٹرنیٹ اور فون سروس معطل ہے۔قائدین نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی شاہ خرچیاں بند کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ گودار دھرنے میں گرفتار افراد کو فوری رہا کرے اور ان کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں۔ حق دو تحریک وجماعت اسلامی معاشرے کے مجبور اور پسماندہ طبقات کے لیے اپنی جدوجہد اہل لاہور گوادر کی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔