Live Updates

رکن قومی اسمبلی سردار محمد جعفر خان لغاری 80 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

مرحوم مختصر عرصہ سے کینسر کی موزی مرض میں مبتلا تھے اور لاھور کی پرائیوٹ ہسپتال میں زیر علاج تھے

ہفتہ 31 دسمبر 2022 23:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار محمد جعفر خان لغاری 80 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ مرحوم مختصر عرصہ سے کینسر کی موزی مرض میں مبتلا تھے اور لاھور کی پرائیوٹ ہسپتال میں زیر علاج تھے، 31 دسمبر بروز ہفتہ انتقال کرگئے۔

(جاری ہے)

مرحوم کے جسد خاکی کو انکے آبائی علاقہ چوٹی زیریں لایا گیا جنکی نماز جنازہ یکم جنوری 2023 بروز اتوار ادا کی جائیگی اور انکی رہائش گاہ میں والد مرحوم نواب سردار عطائ محمد خان لغاری کے پہلو میں تدفین کی جائیگی۔

مرحوم سردار محمد جعفر خان لغاری نے اپنے سوگواران میں ایک بیٹی فاطمہ بی بی اور بیوی سابق ایم این اے ڈاکٹر مینا جعفر لغاری کو چھوڑا ہے۔ مرحوم سابق صدر پاکستان سردار فاروق احمد خان لغاری کے چچا زاد بھائی تھے۔ مرحوم متعدد بار رکن پنجاب اسمبلی اور چار مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ اس وقت جامپور تحصیل کے حلقہ این اے 193 سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات