سیف سٹی کا کردار اسلام آباد میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کلیدی رہا ، سال 2022کے شروع میں487 خراب شدہ کیمروں سمیت 100کلومیٹرز آپٹیکل کیبلز کو ترجیحی بنیادوں پرفعال بنایا گیا، 750 نئے کیمرے نصب کئے گئے

ہفتہ 31 دسمبر 2022 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 دسمبر2022ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی زیر قیادت سیف سٹی کا کردار اسلام آباد وفاقی دارالحکومت میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کلیدی کردار ادا کررہا ہے، سال 2022کے شروع میں اسلام آباد میں ترقیاتی کاموں کی وجہ سے 487 خراب شدہ کیمروں سمیت 100کلومیٹرز سے زائد آپٹیکل کیبلز کو ترجیحی بنیادوں پر مرمت کرکے فعال بنایا گیا اور سیف سٹی اسلام آباد کی استعداد کار کو مزید بڑھانے کیلئے750 نئے کیمروں کی تنصیب کا عمل بھی مکمل کیا گیا ، جس میں داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی موثر بنانے کیلئے مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی سے لیس 50 اضافی کیمرے لگائے گئے جبکہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی خودکار نظام کے تحت ریڈنگ کرنے والے اضافی 20 کیمروں کی تنصیب بھی مکمل کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی پولیس کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق مواصلاتی نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے20میں سے 14 ای ایل ٹی وی ٹاورز کو فعال کیا گیا ، اسلام آباد کیپیٹل پولیس میں جاری بھرتی کے سلسلے میں محفوظ آن لائن پورٹل جس سے امیدواروں کی تمام درخواستوں کی آن لائن اندارج سے لیکر ٹیسٹ تک تمام مراحل کوبہتر انداز میں کوآرڈینیٹ کیا گیا، روڈز پر تنصیب شدہ فلیش لائٹ اور ریڈار سسٹم کی مرمت کی گئی اور انکو دوبارہ فعال بنایا گیا۔

اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور سرویلنس کو مزید بہتر کرنے کیلئے مختلف جگہوں پر لگائے گئے سی ڈی اے کے 48کیمروں کوسیف سٹی اسلام آبادسے منسلک کیا گیاساتھ ہی ساتھ میٹرو بس سروس کو سیف سٹی کے ساتھ منسلک کیا گیاہے، نیشنل ہائی وے کے ٹول پلازوں سمیت، ایف ٹین، شفاانٹرنیشنل ہسپتال، جناح سپرمارکیٹ، ڈی ایچ اے، مختلف نجی اداروں، شاپنگ مال اور مراکز میں تنصیب شدہ نجی اور سرکاری کیمروںکو سیف سٹی کے سنٹرلائز ڈ سسٹم کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے،خود کار نظام کے تحت گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کو ٹریس کرنے اور گاڑی کی چوری اور گمشدگی پر آٹو الرٹ میسج کے نئے نظام کو متعارف کرایا گیا، ای چالان سسٹم کی دوبارہ سے تنظیم نو کی گئی اور اسکی کارکردگی کو مزید بہتر کیا گیا ہے۔

اسلا م آباد کیپیٹل پولیس ہیلپ لائن پکار- 15،ایگل سکواڈ کو سیف سٹی کے سنٹرلائز ڈ سسٹم کے ساتھ منسلک کیا گیا،کافی وقت سے خراب شدہ ڈیٹا شیئرنگ کیبلز کی دوبارہ مرمت کرکے ڈیٹا سنٹر کے ساتھ منسلک کر دی گئی۔اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ریڈیواسٹیشن کوسیف سٹی منتقل کیا گیا، سیف سٹی کے تمام ونگز کی کارکردگی کو بہتر کرنے کیلئے ایس او پیز مرتب کی گئی ہے۔

3800کنٹرولرز سرورکو ہواوے کی مدد سے پی او سی کے ساتھ منسلک کیا گیاہے۔ ان تمام تر اقدامات کی مدد سے سیف سٹی کی آپریشنل پرفارمنس میں بہتری آئی ہے۔ سیف سٹی کے او ایم سی نے جدید کیمروں کی مدد سے 999 مشکوک افراد،16ہزار470 غیر رجسٹرڈ شدہ موٹر سائیکلز، 5658 کالے شیشوں والی گاڑیوں اور3968 پیشہ ور بھکاریوںکی نشاندہی کی اور متعلقہ پولیس کو فوری کارروائی کیلئے معلومات ارسال کردیں۔

اسی طرح وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ہونے والے 563 احتجاجی ریلیوں،مظاہروں کی بھرپور سرویلنس کی اور امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھا، اسی طرح اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی ہیلپ لائن پکار 15پر رواں سال کے دوران کل 9 لاکھ 42 ہزار سے زائد کالز موصول ہوئیں،جن میں90 ہزار سے زائد کالز پولیس کے متعلقہ جس میں12ہزار سے زائد اہم کالز تھیں ، باقی تمام کالز غیر ضروری تھیں جو کل کالز کا 98 فیصد ہے۔

ایگل سکواڈ ز کا شہری علاقوں میں کسی بھی ایمرجنسی کا ریسپانڈ ٹائم چار منٹ ہے، جبکہ د یہی علاقوں میں چھ سے سات منٹ ہے،شہریوں کی سہولت کیلئے شکایات مینجمنٹ سسٹم کا اجراکیا گیا جو مکمل آپریشنل اور موثر انداز میں کام کررہا ہے، اس سسٹم پر کل 1لاکھ36ہزار سے زائد شہریوں کی شکایات موصول ہوئیں، جن میں 1 لاکھ32 ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا جبکہ باقی درخواستوں پر کام ترجیحی بنیادوں پرجاری ہے۔

اسلام آباد میں موجود507 ہوٹلز،گیسٹ ہاسز اور شیلٹر ہومز سیف سٹی ہوٹل آئی سافٹ وئیر کے ساتھ منسلک ہیں، جس میںکل81ہزار سے زائد شہریوں کا ڈیٹا درج کیا گیا، ان درج شدہ ڈیٹا کی سکرونٹی کے بعد 88مشکوک افراد کو مختلف تھانہ جات میں بند کیاگیا۔اسی طرح اسلام آباد کیپیٹل پولیس ٹریفک ڈویژن نے سال2022 میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کیخلاف بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا،اسلام کیپیٹل پولیس ٹریفک ڈویژن نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آنے والے شہریوں کو کل 77,820 لرنرز پرمٹ جاری کئے، جاری کردہ لائسنس کی مدت معیاد مکمل ہونے پر کل 82,739 لائسنسوںکی تجدیدکی گئی، 2183 گمشدہ لائسنسوں کو دوبارہ جاری کیا گیا، اسلام آباد کیپیٹل پولیس ٹریفک ڈویژن نے رواں سال کل 2586پروفیشنل لائسنس اور 31,452 نان پروفیشنل لائسنس جاری کئے، دوسرے اضلاع کے جاری کئے گئے3484 لائسنسوں کو اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے جاری کردہ لائسنس میں تبدیل کیا گیا ،37,522 نئے لائسنس جاری کیے گئے اور3788 لائسنسوں کی کیٹیگریز کو اپ گریڈ کیا گیا۔

شہر بھر میں مربوط ٹریفک کے نظام کو برقرار رکھنے کیلئے اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کیخلاف بلاتفریق کارروائیاںعمل لائیں، سال 2022 میں کل 10لاکھ 7ہزار سے زائد چالان ٹکٹس جاری کئے،جو سال 2019کے مقابلے میں17فیصد اور سال2021 کے مقابلے میں 07 فیصد زیادہ ہیں۔ اسی طرح کل جرمانے کی مدد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کوبھاری جرمانہ کیا گیا جو پچھلے سالوں سے کے مقابلے میں زیادہ ہے،ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک ڈویژن کے سخت اقدامات کی وجہ سے سال2022 میں ٹریفک حادثات کی وجہ سے کل 94 اموات اور91 شدید زخمی ہوئے جو سال 2019 کے مقابلے میں 27 فیصد کم ہے، جبکہ سال 2021 کے مقابلے میں06 فیصد کم ہیں،رواں سال کے دوران کل9938 حادثات کی کالز ٹریفک ڈویژن کو موصول ہوئیں،جو سال 2019 کے مقابلے میں 03 فیصد جبکہ 2021 کے مقابلے15 فیصد کم ہیں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر قابو پانے کیلئے پوائنٹ سکورنگ سسٹم کا اجراکیا گیا،اسی طرح ای چالان سسٹم کو مزید بہتر اور موثر بنایا گیا اور رواں سال کل23ہزار سے زائد ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پرای چالان جاری کئے، ڈرائیور کوچالان ہونے پربذریعہ ایس ایم ایس مطلع کیا جاتاہے،ٹریفک کے مربوط نظام کو برقرار رکھنے کیلئے غیر قانونی پارکنگ کرنے والے ڈرائیورز کیخلاف بلاتفریق کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں ،اسی طرح فرینڈلی پولیسنگ کو بہتر بنانے کیلئے مختلف تعلیمی اداروں کے 52طلبانے ا نٹرن شپ پروگرام میں حصہ لیااور رواںسال کے دوران کل60آگاہی مہم کا اجراکیا گیا جس میں 40ہزار سے زائد شہریوں کو روڈ سیفٹی کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ہے۔