اسرائیلی بحریہ کی غزہ کے ساحل کے قریب فلسطینی ماہی گیروں پر فائرنگ

منگل 3 جنوری 2023 21:53

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2023ء) قابض اسرائیلی بحریہ نے غزہ کی پٹی میں سمندری حدود میں ماہی گیری کرنے والے فلسطینی ماہی گیروں پر حملہ کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے ماہی گیروں پر مشین گن سے حملہ کیا اور اس کے علاوہ آنسوگیس کی شیلنگ کی۔

(جاری ہے)

مقامی ذرائع کے مطابق قابض فوج کی کشتیوں نے جنوب میں الواحہ شمال میں السودانیہ میں سمندر میں چلنے والی ماہی گیروں کی کشتیوں کی طرف فائرنگ، گیس اور لائٹنگ بم برسائے اور ماہی گیروں کو زبردستی سمندر چھوڑنے پر مجبور کیا۔

ادھر اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی کے علاقوں پر نچلی پروازیں جاری رکھیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ قابض فوج کی کشتیاں روزانہ کی بنیاد پر ماہی گیروں پر جان بوجھ کر گولیاں چلاتی ہیں،گیس پھینکتی ہیں اور انہیں امن و امان کے ساتھ روزی روٹی سے محروم کر دیتی ہیں۔