Live Updates

یہ وقت سیاست کا نہیں، ملک میں استحکام لانے کا ہے ،سب کو مل کرملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے کردارادا کرنا ہو گا،انجینئر امیر مقام

اتوار 8 جنوری 2023 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2023ء) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ سب کو مل کر پاکستان کی مشکلات کو کم کرنا ہو گا،یہ وقت سیاست کا نہیں ملک میں استحکام لانے کا ہے ، عمران خان ملک کو ڈیفالٹ کرنا چاہتے ہیں،جھوٹے الزامات لگاکر اداروں کو بدنام کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں ایوان اقبال میں پختون فلاحی تنظیم پنجاب کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹے الزامات لگاکر اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،یہ ملک کو آگے لے کر جانے کا وقت ہے لیکن اگر اداروں کو تباہ کیاگیا تو نفرت مزید بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کو ڈیفالٹ کرنے کے درپے ہے، اتنا ہمارے دشمن ہمسایہ ملک بھارت نے پاکستان کو بدنام نہیں کیا جتنا عمران خان کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ پختونوں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے اور ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، پنجاب میں پرویز الہی اور عمران خان جانیں عدم اعتماد پر فیصلہ آ جائے گا، کے پی کا وزیر اعلی عمران خان کے ساتھ نہیں ہے جبکہ پرویز الہی نے بھی عمران خان کو فارغ کر دیاہے۔

امیر مقام نے کہا کہ عمران خان روزانہ کوئی نہ کوئی بیان دے کر یوٹرن لے لیتے ہیں، مسلم لیگ ن کی قیادت کا ایجنڈا ملک میں معاشی استحکام لانا ہے جبکہ عمران خان کا ایجنڈا ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی ناکام سازش کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کو آگے لے کر جانے کا وقت ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے جدوجہد کرنا چاہیے کیونکہ ملک اس وقت مزید کسی اورسیاسی بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اداروں کو تباہ کرنے کی کوشش کرے گا تو آ پس میں نفرت پیدا ہوگی، عمران خان نے اپنے دور میں مجھ پر 35 جھوٹے مقدمات بنائے اورہمیں اپنے انتقام کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ پختونوں کے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ کھڑا رہوں گا، پختونوں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے اعلی سطح پر بات کروں گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے لیگی رہنما رانا مشہود احمد خان اور وحید گل کاکہناتھاکہ پختونوں کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے ،ہم امیر مقام کے ساتھ مل کر ن لیگ کی اعلی قیادت سے بات کریں گے۔

ان کاکہناتھاکہ مضبوط پاکستان کیلئے مضبوط پختون ،سندھی اور بلوچی کا ہونا لازم ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پختون فلاحی تنظیم پنجاب کو 5 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات