پیپلز پارٹی کامیاب ہو کر کیچ سمیت بلوچستان بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائے گی،میراصغر رند

اتوار 8 جنوری 2023 20:35

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جنوری2023ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر میراصغر رندنے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کامیاب ہو کر برسراقتدار آنے کے بعد کیچ سمیت بلوچستان بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائے گی جس طرح ماضی میں پارٹی نے اقتدار میں آنے کے بعد بلوچستان کے لوگوں کے مسائل کیلئے جو کردار ادا کیا وہ کسی سے چھپا نہیں یہ بات انہوں نے تمپ کلاتک حلقے کے مشاورتی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں مہمان خاص ڈویژنل صدر ڈاکٹر برکت بلوچ تھے۔

حلقہ پی بی 27 تمپ تا کلاتک سے سینئر کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اجلاس میں میراصغررند کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے فیصلے کی حمایت اور خوش آئند قرار دیا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماں میراصغررند، مکران ڈویژن کے صدر ڈاکٹر برکت بلوچ ، مکران ڈویژن کے سینئر نائب صدر نواب شمبئیزئی، ضلع کیچ کے صدرحاجی قدیراحمد، سینئر رہنما میر خلیل تگرانی، میر صاحبداد رند، معتبر یونس، احدالہی میروزئی اور دیگر رہنماں نے خطاب کیا کہ بلوچستان کے اہم قومی فیصلے اسلام آباد میں ہوتے ہیں جبکہ ہر دور میں اسلام آباد میں حکمرانی پیپلزپارٹی کی رہی ہے اسلئے ہم پیپلزپارٹی میں رہ کر ضلع کیچ سمیت بلوچستان کیلئے ترقیاتی اسکیمات، صوبائی اور وفاقی کوٹہ سے ملازمت دلائینگے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے میر اصغر رند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس اجتماع نے یہ ثابت کیا کہ ہم نے جو فیصلہ کیا ہے وہ عوامی فیصلہ ہے اور ہمیں سب کی تائید وحمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کی کہ اس فیصلے سے پہلے بیشتر ورکرز اور ہم خیال دوستوں کو اعتماد میں لیں اور اس میں ہمیں کامیابی ملی۔ہم نے جو بھی فیصلے کیئے وہ باہمی مشاورت سے کئے۔ہم نے عوام کی بہتری اور علاقے کی ترقی کیلئے یہ فیصلہ لیا ہے تاکہ عوامی مینڈیٹ کو عوام کے حقوق کی خاطر مثبت استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا سربراہ آصف علی زرداری خود ایک بلوچ گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور یہ پارٹی بھی بلوچوں کی ہے۔ہمارے عوام سیاسی پارٹیوں سے بیشتر نمائندے کی اخلاص کو دیکھ کر ووٹ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کا خاتمہ ہو،گیس رائلٹی ہو،آغاز حقوق بلوچستان ہو،این ایف سی ایوارڈ ہو،یہ سب پیپلز پارٹی نے ہی دئے ہیں اور بلوچستان کے حقوق پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے ہی مل سکتے ہیں۔

تقریب سے پیپلز پارٹی مکران کے ڈویژنل صدر داکٹر برکت بلوچ نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ میر اصغر رند، میرظہور بلیدی، میر عبدالروف رند اور دیگر کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،پاکستان ایک کثیرالقومی ملک ہے اور پیپلز پارٹی پاکستان کے تمام اقوام کی نمائندہ جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم پرستی ایک شاونزم اور تنگ نظر نعرہ ہے اب اس تنگ نظری سے نکلنے کا وقت آیا ہے۔

اجتماع سے پیپلز پارٹی مکران کے سینئر نائب صدر نواب شمبے زئی نے خطاب کرت ہوئے کہا کہ بلوچ سیاست گزشتہ دودہائیوں سے ایک تقسیم کا شکار ہے جس میں ایک طبقہ فکر نوجوانوں کی ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ پارلیمانی سیاست بلوچ مسائل کا حل نہیں ہے لیکن دوسرا طبقہ وہ ہے جو پارلیمانی پریم ورک میں ملکی قانون اور آئین کے مطابق اپنے آئینی حقوق سیاسی جنگ لڑ رہی ہے اور آج میر اصغر رند ،ساتھیوں کی پی پی پی میں شمولیت سے اس نظریئے کو تقویت ملی ہے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچ عوام کو پیپلز پارٹی میں جوق درجوق شامل ہونا چاہیئے اور جمہوری سیاسی جدوجہد کرکے عوامی حقوق حاصل کرکے ملک اور صوبے کی ترقی کیلئے جدوجہد کرنا چاہیئے۔ مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحصیل ،ضلع اور ڈویژنل سطح پر پیپلزپارٹی کو فعال اور منظم کرنے کیلئے جلد کمیٹیاں تشکیل دی جائینگی