قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس،تاجروں کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کیلئے میڈیا مہم شروع کرنے کی ہدایت

منگل 10 جنوری 2023 22:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2023ء) قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں رکن قومی اسمبلی خورشید احمد جونیجوکی صدارت میں ہوا جس میں وزارت تجارت اور اس سے منسلک محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر سفارش کی کہ "درآمدات اور برآمدات (کنٹرول) (ترمیمی) بل 2022 (سرکاری بل) جیسا کہ قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے منظور کیا جائے۔

کمیٹی نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی کارکردگی پر بحث کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وزارت تجارت کمرشل اتاشیوں کے لئے نظام متعارف کرائے اور انہیں حکومت کے مقرر کردہ اہداف حاصل کرنے کا پابند بنائے تاکہ پاکستانی برآمدات تیزی سے آگے بڑھ سکیں۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ وزارت تجارت پاکستانی تاجروں کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی دینے کے لئے ایک مناسب پرنٹ اور میڈیا مہم شروع کرے تاکہ وہ اپنی مصنوعات کو بین الاقوامی منڈیوں میں فروخت کر کے ملک کے لئے زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

اس لیے کمیٹی نے سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری صنعت و پیداوار کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ پاکستانی برآمدات کے نیٹ ورک کو دنیا بھر میں پھیلانے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جا سکیں۔ اس سے قبل سپیشل سیکرٹری وزارت تجارت اور سیکرٹری ٹڈاپ نے کمیٹی کو پاکستانی برآمدات کو بڑھانے کے لئے کی جانے والی کوششوں اور اس سلسلے میں انہیں درپیش مسائل کے بارے میں مختصراً آگاہ کیا۔ انہوں نے اپنے مسائل بالخصوص بجٹ میں اضافہ کے لئے کمیٹی سے تعاون طلب کیا۔ اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی رشید احمد خان ، رانا ارادت شریف خان ، سید جاوید علی شاہ جیلانی طاہرہ اورنگزیب، وجیہہ قمر، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کے علاوہ متعلقہ وزارت محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔