کویت میں بچوں سے جنسی زیادتی پر معلم کو سزائے موت سنادی گئی

پاکستانی شہری نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی کہ اس کے 8 سالہ بیٹے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 11 جنوری 2023 17:40

کویت میں بچوں سے جنسی زیادتی پر معلم کو سزائے موت سنادی گئی
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 جنوری 2023ء ) خلیجی ملک کویت میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے جرم میں مصری اسلامی معلم کو سزائے موت سنا دی گئی۔ گلف نیوز کے مطابق کویت میں ایک مصری اسلامی استاد کو 50 سے زائد بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا مرتکب پائے جانے کے بعد موت کی سزا سنائی گئی ہے، مقدمے کی سماعت مکمل ہونے پر کویت کی فوجداری عدالت نے اپنا فیصلہ جاری کیا، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ملک کی تاریخ کا 'سب سے بڑا' جنسی زیادتی کا اسکینڈل ہے اور یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب کویت کے جنوب میں فروانیہ پولیس اسٹیشن کو ایک پاکستانی شخص کی جانب سے شکایت موصول ہوئی کہ اس کے 8 سالہ بیٹے کو اس وقت جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جب وہ شہر میں کریانہ کی دکان پر جا رہا تھا۔

الجریدہ اخبار نے رپورٹ کیا کہ لڑکے کے والد نے پولیس کو جنسی حملے کے ثبوت فراہم کیے، جن میں اس کے بیٹے کے کپڑے بھی شامل ہیں، جن میں بدسلوکی کے نشانات تھے، شکایت ملنے پر پولیس اہلکار جب نگرانی کرنے والے کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لے رہے تھے تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ کیمروں نے دوسرے بچے کے ساتھ ایک اور جنسی زیادتی کے واقعے کو بھی ریکارڈ کیا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے کہا کہ اس پر پولیس کو شبہ ہوا کہ یہ شخص سلسلہ وار جنسی زیادتی میں ملوث ہو سکتا ہے، تحقیقات کو تیز کرنے پر انہوں نے ایک گاڑی کی نشاندہی کی جو تیسرے بچے پر اسی طرح کے جنسی حملے کے دوران ریکارڈنگ میں دکھائی دی تھی۔ اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ گاڑی حیرت انگیز طور پر کویت کے شمال میں واقع علاقے جہرہ کے ایک اسکول میں کام کرنے والے اسلامی تعلیم دینے والے استاد کی تھی، گرفتار ہونے اور شواہد کا سامنا کرنے پر استاد نے اعتراف کیا کہ اس نے تین ماہ کے دوران 50 سے زائد بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور وہ اپنے متاثرین کو ان کے والدین کو بتانے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا تھا۔