Live Updates

خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں آٹے اور گندم کی مصنوعی قلت کے خاتمے کیلئے مربوط اقدامات اٹھائے،امجد آفریدی

صوبے میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے ،پی ٹی آئی حکومت نے وفاق کے بغض میں مصنوعی قلت پیدا کی ہوئی ہے، رہنماء پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا

بدھ 11 جنوری 2023 23:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات وایم پی اے امجد آفریدی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت صوبے میں آٹے اور گندم کی مصنوعی قلت کے خاتمے کیلئے مربوط اقدامات اٹھائے۔ خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے اور گندم کے مصنوعی بحران پر ردعمل دیتے ہوئے امجد آفریدی نے کہا کہ صوبے میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت نے وفاق کے بغض میں مصنوعی قلت پیدا کی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد خیبر پختونخوا حکومت آٹے اور گندم کی پیداوار بڑھانے اور تقسیم کرنے میں مکمل خود مختار ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ایک ہی پارٹی کی حکومت میں آٹے کے الگ الگ نرخ ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی محمود خان بنی گالا کے مفادات کی حفاظت کی بجائے اپنے صوبے کے عوام کا سوچیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کو گندم اور آٹے کی پیداوار و تقسیم میں خود اختیاری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی مہنگائی کنٹرول کرنے کی رٹ نظر نہیں آ رہی ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات