بحیثیت گورنر نہیں بلکہ ایک عوامی خدمتگار کی طرح پشاور سمیت صوبہ کے عوام کے مسائل و مشکلات کا حل اپنا فرض سمجھتا ہوں، گورنر حاجی غلام علی

>25 فیصدتک گیس پریشر کا مسئلہ حل کر چکا ہوں، مارچ تک ڈیرھ ارب کی لاگت سے گیس پائپوں کی تبدیلی سے پشاور کا 100فیصد گیس کا مسئلہ حل ہو جائے گا، گورنر حاجی غلام علی (گورنر سے 200 اراکین پر مشتمل پشاور کے عوامی وفد کی ملاقات، اسلام آباد چیمبرز آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز ،شمالی وزیرستان کے وفدکی بھی گورنر ہاوس آمد،کاروباری بصیرت رکھنے والے شخص کی گورنر تعیناتی پر پی ڈی ایم جماعتوں کو خراج تحسین

بدھ 11 جنوری 2023 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جنوری2023ء) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ بطور گورنر نہیں بلکہ ایک خدمتگار کے طور پر صوبہ بھر کے عوام کی خدمت اور انکو درپیش مسائل و مشکلات کا حل اپنا فرض سمجھتے ہیں، پہلے پشاور شہر کی خدمت کی ہے اب صوبہ بھر بالخصوص ضم اضلاع کے عوام کی خدمت کی بھاری ذمہ داری عائد ہو گئی ہے جسے عبادت سمجھ کر پوری کروں گا، عوام کو درپیش گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں،پشاور شہر میں 25 فیصدتک گیس پریشر کا مسئلہ پہلے ہی حل کر چکا ہوں، مارچ تک ڈیرھ ارب کی لاگت سے گیس پائپوں کی تبدیلی سے سو فیصد گیس کا مسئلہ حل ہو جائے گا، ملک بھر میں اس وقت توانائی بحران کا سامنا ہے تاہم یہ مسئلہ انشاء اللہ جلد حل ہو جائے گا عوام سے بھی درخواست ہے کہ وہ بجلی کا ضرورت کے مطابق کم سے کم استعمال یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا ظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں مولاناعبدالرؤف جان ، مولانا حسین احمدمدنی کی قیادت میں 200 ارکان پر مشتمل پشاور کے عوامی نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا، وفد میں سیاسی، سماجی، وکلاء، ڈاکٹرز اور تاجر برادری سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔ وفد نے گورنر کو پشاور شہر کے مسائل باالخصوص گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ، پشاور میں بڑے منصوبے شروع نہ ہونے اورپانی کے بلوں میں بے تحاشا اضافہ سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا، وفد کا کہنا تھا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود منتخب بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز نہ ملنے کے باعث مقامی سطح پر مشکلات بڑھ رہی ہیں جنکے خاتمہ کیلئے منتخب بلدیاتی نمائندوں کوفوری فنڈز کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔

وفدکا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کو حقیقی معنوں میں عوامی گورنر ہاوس بنا دیا گیا ہے اور جس خوش دلی، تحمل سے گورنرعوامی وفود سے مل رہے ہیں اور انکے مسائل سن رہے ہیں اس پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور پی ڈی ایم میں شامل اے این پی، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ سمیت تمام جماعتوں کے شکرگزار ہیں کہ جنہوں نے خالصتا ایک حقیقی عوامی نمائندے کی بطور گورنر تقرری پر اتفاق کیاجس پر ہم اُن کے اس اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

اس موقع پر گورنر نے وفد کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پشاور شہر سمیت صوبہ کے تمام علاقوں کے مسائل کے حل پر پوری توجہ دے رہا ہوں، پشاور کے عوام کی پہلے بھی خدمت کی ہے اور ان صوبہ بھر کے عوام کی خدمت کروں گا، انہوں نے کہا کہ بجلی بحران کے خاتمہ کیلئے ہم سب کو ملکراپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور وہ اس ضمن میں تاجر برادی کے انتہائی مشکور ہیں کہ جنہوں نے وفاق کی جانب سے توانائی بچت پلان پر عملدر آمد کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

قبل ازیں گورنر خیبر پختونخوا سے چوھدری سجاد سرور اور سینئرنائب صدر طاہر کھوکھرکی قیادت میں اسلام آباد چیمبرز آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے 30رکنی وفد نے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور گورنر کو آئینی منصب پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایک کاوباری بصیرت رکھنے اور تاجر برادری سے دوستانہ تعلق رکھنے والے شخص کی بطور گورنر تقرری کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی نہ صرف انکی گورنر تقرری پر انتہائی خوش ہے بلکہ تمام بزنس کمیونٹی انکی پشت پر کھڑی ہے اور ملکی معیشت کی بہتری کیلئے متحد ہو کر کام کریں گے۔ علاوہ ازیں گورنر خیبرپختونخوا سے شمالی وزیرستان کے ایک نمائندہ وفد نے بھی گورنر ہاوس میں ملاقات کی ۔ وفد میں چیف آف مندی خیل ملک ربنواز، رکن گرینڈ جرگہ مصباح اللہ، تحصیل چئیرمین حاجی احمد سعید، چیف آف داوڑملک جان محمد، الحاج شیر محمد سمیت دیگر مشران شامل تھے، وفد نے گورنر کو شمالی وزیرستان کے عوام کو درپیش مسائل و تکالیف سے آگاہ کیا جس پر گورنر نے عومی مسائل کے حل میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی