شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے عام شہری کو معلومات تک رسائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے پائیدار ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب محبوب قادر شاہ

جمعرات 12 جنوری 2023 12:47

شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے عام شہری کو معلومات تک رسائی فراہم کرنے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جنوری2023ء) شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے عام شہری کو معلومات تک رسائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے پائیدار ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب محبوب قادر شاہ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ تعلقات عامہ و مطبوعات کے زیر اہتمام پنجاب شفافیت و ِ معلومات تک رسائی کے قانون 2013 کے متعلق نیو سینٹ ہال میں منعقدہ آگاہی سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے دس بہترین ترقی یافتہ ممالک معلومات کے بہاؤ اور فراہمی میں بھی سرفہرست ہیں اور اگر ہم بھی پاکستان کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں ان اصولوں کو رائج کرنے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی ادارے شہریوں کی سہولت کے لیے سیکشن 4 کے تحت تمام بنیادی معلومات سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے ظاہر کرنے کے پابند ہیں۔

لہذا ان کا دفتر اسے یقینی بنانے کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے اس کے اطلاق کیلئے بھرپور کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ حقیقی اور اجتماعی نوعیت کے مسائل کی نشاندہی کریں جو کہ ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔محبوب قادر شاہ نے کہا کہ آر ٹی آئی ایکٹ دراصل حقیقی جمہوریت کی روح ہے اور یہ ایکٹ عوامی انقلاب اور شفافیت کا پیش خیمہ بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روزمرہ کے سرکاری امور میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے قانون ایک عام آدمی کو سرکاری ملازمین سے معلومات کے بارے میں دریافت کرنے کا اختیار دیتا ہے اور اس میں عوام سے کوئی معلومات چھپائی نہیں جا سکتیں۔انہوں نے کہا کہ پی آئی سی شفافیت اور معلومات کے حق کو یقینی بنانے کے لیے عام آدمی کو اس کے حق معلومات سے آگاہ کرنے کے لیے روز اول سے جدوجہد کر رہاہے۔

انہوں نے عام آدمی کی بہتر تفہیم کے لیے حق اطلاعات قانون کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی عوامی سطح پر ضرورت پر زور دیا۔پرنسپل آفیسر شعبہ تعلقات عامہ و مطبوعات پروفیسر  ڈاکٹر محمد جلال عارف نے کہا کہ ہمیں نہ صرف زندگی میں بلکہ بعد از حیات مراحل میں بھی کامیابی حاصل کرنے کے لیے اپنی زندگیوں میں خود احتسابی پیدا کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی شفافیت پر یقین رکھنے کے ساتھ ساتھ معلومات کی فراہمی کے حوالے سے بھرپور سہولیاتی نظام قائم کر چکی ہے جس کے ذریعے درخواست دہندگان کو فوری طور پر انفارمیشن مہیا کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی متحرک قیادت میں یو اے ایف کو دنیا کی 100 بہترین یونیورسٹیوں میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1974 میں ملک کی آبادی 35 ملین تھی جو اب 230 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ زرعی سائنسدانوں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ قوم کو روز بروز بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے نہ صرف خوراک دستیاب ہے بلکہ پڑوسی ملکوں کیلئے بھی غلہ باہر بھجوایا جارہا ہے۔ رجسٹرار طارق محمود گل، ڈین فوڈ سائنسز ڈاکٹر مسعود صادق بٹ، ڈائریکٹر ایچ آر ڈاکٹر منظوم اختر، خزانچی عمر سعید قادری، ڈائریکٹر آگاہی و تربیت پنجاب انفارمیشن کمیشن نعمان نذیر،سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔