Live Updates

بجلی پہلے سے غائب تھی اب روٹی آٹا بھی عوام کو نہیں مل رہا ہے ،سینٹ میں اپوزیشن حکومت پر برس پڑی

جمعہ 13 جنوری 2023 17:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2023ء) سینیٹ میں اپوزیشن اراکین نے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ بجلی پہلے سے غائب تھی اب روٹی آٹا بھی عوام کو نہیں مل رہا ہے ،ملک کے مسائل کا حل جنرل الیکشن میں ہے،یہ الیکشن ہو کر رہے گا،ہم آپ کو فرار نہیں ہونے دیں گے جس کے جواب میںحکومتی اراکین نے کہا ہے کہ اپوزیشن اراکین دوسروں پرتنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں،خیبرپختونخوا میں آٹے کا بحران ہے ،آج مودی کا کردار عمران اور اس کے ساتھی ادا کررہے ہیں جبکہ سینیٹر بہرہ مند تنگی سابق وزیراعظم عمران خان پر برس پڑے اور کہاہے کہ مودی کا کردار عمران اور اس کے ساتھی ادا کررہے ہیں، پی ٹی آئی سینیٹرز کی جانب سے بہرہ مند تنگی کے الفاظ پراعتراض کے بعد چیئرمین سینیٹ نے بہرہ مند تنگی کو ہدایت کی ہے کہ ایوان کا ماحول خراب نہ کریں،ایک دوسرے کے لیڈر کے بارے میں اچھے الفاظ استعمال کریں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو سینٹ کا اجلاس چیئر مین سینٹ محمد صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا جس میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف کے سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) کے ممبران پنجاب اسمبلی نے ثابت کیا کہ وقتی اقتدار کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی ،ہم پنجاب اسمبلی اور خیبرپختونخوا اسمبلی کو ملک کے بڑے مفاد کے لئے تحلیل کرنے جارہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ ملک کے مسائل کا حل بڑے جنرل الیکشن میں ہے،یہ الیکشن ہو کر رہے گا، ہم آپ کو فرار نہیں ہونے دیں گے،بلدیاتی الیکشن اسلام ابادن میں ہونے جارہا تھا ،یہ وہاں سے بھی بھاگ گئے،یہ اب گلی محلے کے الیکشن کے بھی قابل نہیں رہے،عوام نے لوٹوں کی سیاست کو مسترد کردیا ہے،عمران خان اور عوام ایک پیج پر ہیں۔جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ بجلی پہلے سے غائب تھی اب روٹی آٹا بھی عوام کو نہیں مل رہا، نہ فوڈ ہے نہ ایجوکیشن ہے نہ ہیلتھ ہے اس وقت عوام بالکل یتیم ہے ۔

انہوںنے کہاکہ آٹا چور مرغی چور کون ہی آٹا افغانستان سمگل ہو رہا ہے،افغانستان آٹا کون سمگل کر رہا ہی ذخیرہ اندوز اور آٹا اسمگلر ایوانوں میں بیٹھے ہوئے ہیں ۔ جے یو آئی (ف) کے سینیٹر مولاناعبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہم نے جمہوری طریقے سے عمرانی حکومت کو زمین بوس کیا ہے،یہ فتنہ ہمیشہ کیلئے ختم ہو گیا ہے،دوسروں پرتنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں،سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں آٹے کا بحران ہے،اس وقت لوگ سڑکوں پر ہیں،خیبرپختونخوا میں ایک مصنوعی بحران پیدا کیا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ وفاقی حکومت اس کی ذمہ دار ہے۔

سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ مودی کا کردار عمران اور اس کے ساتھی ادا کررہے ہیں، سینیٹر شہزاد وسیم اور پی ٹی آئی کے دیگر سینیٹرز نے بہرہ مند تنگی کے الفاظ پراعتراض کیا جس پر چیئرمین سینیٹ نے بہرہ مند تنگی کو ہدایت کی کہ ایوان کا ماحول خراب نہ کریں،ایک دوسرے کے لیڈر کے بارے میں اچھے الفاظ استعمال کریں۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں آٹے کا بحران ہے، اس وقت لوگ سڑکوں پر ہیں۔

انہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا میں ایک مصنوعی بحران پیدا کیا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ وفاقی حکومت اس کی ذمہ دار ہے، ہم بالکل ہر چیز کا حساب دیں گے اور ماضی میں حساب دیا بھی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے عدالتوں کا سامنا کیا ہے، خیبرپختونخوا میں آٹے کے بحران پر کوئی ایکشن لیں۔ سینیٹر فدا محمد نے کہاکہ پی آئی اے کے ایک جہاز کی بزنس کلاس کی سیٹوں میں لوہے نظر آرہے تھے، ایک جہاز میں شیشہ ٹوٹا ہوا تھا، منسٹر کو استعفیٰ دیناچاہیے ۔ سینیٹر حاجی ہدایت اللہ نے کہاکہ چینی تو اب یوٹیلیٹی اسٹورز پر ملتی نہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز کا سنجیدہ مسئلہ ہے،لوگ غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات