این ڈی ایم اے کی موسم سرما کے دوران سفر کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالہ سے ہدایات

جمعہ 13 جنوری 2023 22:37

این ڈی ایم اے کی موسم سرما کے دوران سفر کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2023ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے موسم سرما کے دوران سفر کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالہ سے ہدایات جاری کی ہیں۔ اس سلسلہ میں جاری تفصیلات کے مطابق شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر سے پہلے موسمی حالات سے مسلسل آگاہ رہیں۔ اس سلسلہ میں موٹروے اور ہائی وے اتھارٹی کی ہیلپ لائن سے راستوں کے بارے میں معلومات کا حصول یقینی بنائیں، طویل سفر کے دوران کم از کم 24 گھنٹوں کیلئے ضروری اشیاء خوردونوش، پانی اور ادویات مناسب مقدار میں ساتھ رکھیں۔

(جاری ہے)

سفر سے قبل متعلقہ سیاحتی مقام پر رہائش کا انتظام یقینی بنایا جائے، بالخصوص پہاڑی علاقوں کیلئے سفر شروع کرنے سے پہلے گاڑی کی مکمل جانچ کرائیں اور پھسلن سے بچنے کیلئے زنجیر اور اضافی ٹائر ساتھ رکھیں۔ برفانی علاقہ میں محصور ہونے کی صورت میں ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مسافر اپنے جسم کو اضافی کپڑوں میں لپیٹیں اور مسلسل حرکت میں رکھیں، گاڑی کو مسلسل سٹارٹ نہ رکھا جائے اور ہیٹر 10 منٹ فی گھنٹہ سے زیادہ چلانے سے گریز کیا جائے، گاڑی کا شیشہ ہلکا سا کھلا چھوڑا جائے تاکہ کاربن مونو آکسائیڈ گاڑی میں جمع نہ ہو۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ گاڑی کا ایگزاسٹ پائپ برف کی وجہ سے بند نہ ہو۔