خیبر، شہریوں کو سبسڈائز آٹے کی مقررہ نرخوں پر فراہمی جاری

محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کا ضلع کے مختلف علاقوں میں آٹا ڈیلرز کی دکانوں کا معائنہ

ہفتہ 14 جنوری 2023 22:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2023ء) محکمہ خوراک ضلع خیبر اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے ضلع خیبر کے مختلف علاقوں میں قائم فلور ملز اور آٹا ڈیلرز کی دکانوں کے دورے کئے جہاں پر سبسڈائز آٹے کے نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ صوبائی وزیر خوراک عاطف خان‘ سیکرٹری محکمہ خوراک محمد عابد وزیر‘ ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر خیبر شاہ فہد نگرانی میں اسسٹنٹ کمشنر باڑہ شہاب الدین خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ایمل خان، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر حفیظ الرحمن، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور فوڈ انسپکٹر عرفان آفریدی نے ضلع خیبر کے مختلف علاقوں میں قائم پاک خیبر فلور مل، ال سپریم فلور مل اور نیو خیبر فلور مل سمیت آٹا ڈیلرز کی دکانوں کے دورے کئے اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی جبکہ شہریوں سے بھی نرخوں بارے آگاہی حاصل کی گئی۔

(جاری ہے)

شہریوں کی جانب سے سرکاری نرخ پر سبسڈائز آٹے کی فراہمی پر افسران نے اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر شاہ فہد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع خیبر کے مختلف علاقوں جمرود‘ ملا گوری‘ لنڈی کوتل‘ باڑہ‘ اکاخیل اور دیگر علاقوں میں شہریوں کو سبسڈائز آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے افسران اور محکمہ خوراک کے افسران روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں میں چیکنگ کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو سبسڈائز آٹا 20 کے جی بیگز 1295 جبکہ 10 کے جی بیگز 648 روپے پر فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں گرانفروشی میں ملوث آٹا ڈیلرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :