انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے، ہمیں اس عزم کا اظہار کرنا ہے کہ ملک کو پولیو سے پاک بنائیں گے۔ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ

Tariq Majeed Khokhar طارق مجید کھوکھر پیر 16 جنوری 2023 18:05

انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے، ہمیں ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جنوری2023ء) ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال کی چائلڈ وارڈ میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر 16 سے 20 جنوری تک جاری رہنے والی پولیو مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔ پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور وٹامن اے کے کیپسول کھلائے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے کہا ہے کہ یہ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور محکمہ صحت کی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں، انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، علماء کرام، میڈیا اور اساتذہ کرام پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اپنا کر دار ادا کریں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ صحت ہر سال کی طرح اس بار بھی اپنا ٹارگٹ بخوبی پورا کرے گی اور پولیو ٹیموں کی روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے، ہمیں اس عزم کا اظہار کرنا ہے کہ ملک کو پولیو سے پاک بنائیں گے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے کہا کہ مہم کے دوران موبائل ٹیمز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی، ٹرانزٹ ٹیمیں بس سٹاپ اور ویگن اڈوں جبکہ فکسڈ ٹیمز ہیلتھ سنٹرز میں اپنے فرائض سر انجام دیں گی۔ پولیو مہم کے دوران ضلع جہلم کی 56 یونین کونسلز میں 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم میں 1094 موبائل ٹیمز، 74 فکسڈ ٹیمز اور 24 ٹرانزٹ ٹیمز حصہ لیں گیں۔