امارات کے ساتھ فوجی معاہدات قابل تحسین ہیں،امریکی سینٹ کام سربراہ

اماراتی فوجی سربراہ سٹاف لیفٹیننٹ جنرل انجینئیر عیسی سیف محمد المرزوئی کوفون،مملکت سے اظہاریکجہتی کیا

بدھ 18 جنوری 2023 12:28

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2023ء) امریکہ کے مشرق وسطی کے لیے اعلی فوجی ذمہ دار اور سینٹ کام کے سربراہ جنرل ایرک کوریلا نے امارات کے ساتھ امریکی فوجی معاہدات کی توصیف کی ہے اور ایران کے حمایت یافتہ عسکری گروپوں کی ؓمذمت کی ہے۔ وہ فون پر اماراتی فوجی سربراہ سٹاف لیفٹیننٹ جنرل انجینئیر عیسی سیف محمد المرزوئی سے بات چیت کرہے تھے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی سینٹ کام کمانڈر نے یہ فون امارات پر حوثی حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر امارات کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کی۔ ایک سال پہلے یمنی حوثیوں کے ایک ڈرون حملے میں امارات کے تین شہری جاں بحق ہوئے تھے۔ یہ حملہ بنیادی طور پر ایک آئل ٹینکر پر کیا گیا تھا۔امریکی جنرل نے اسی کی یاد کو تازہ کرنے کے لیے کی گئی فون کال پر کہاکہ حوثی فورسز نے عام شہریوں اور عوامی سہولت کی چیزوں کو نشانہ بنانے کے لیے اماراتی سر زمین پر حملہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

جو اس امر کی یاد دلاتا ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپوں کی طرف سے آج بھی خطرات موجود ہیں۔حوثی یمن کے دارالحکومت صنعا پر قابض ہیں اور اب تک سعودی عرب میں سینکڑوں ڈرون حملے کر کے سعودی شہری اہداف کو نشانہ بنا چکے ہیں۔ پچھلے سال انہوں نے ابوظہبی میں بھی ایسا ہی ڈرون حملہ کرکے آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا تھا۔ امریکی جنرل کوریلا کی طرف سے کی گئی فون کال میں حالیہ بیس برسوں کے دوران امارات کی امریکہ کے ساتھ مل کر دی گئی قربانیوں کا ذکر کرنے کے بعد کہا گیاکہ امارات نے سینٹ کام کے ساتھ مل کر متعدد آپریشنز کیے، کئی مہمات سرانجام دیں جس کے نتیجے میں علاقے کا استحکام یقینی بنا۔