عدالت عظمیٰ نے کرک مندر از خود نوٹس کیس کی سماعت کے موقع پر مندر کو نقصان پہنچانے والوں سے نقصان کی ریکوری روکنے کا حکم دیا

جمعہ 20 جنوری 2023 16:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2023ء) عدالت عظمیٰ نے کرک مندر از خود نوٹس کیس کی سماعت کے موقع پر مندر کو نقصان پہنچانے والوں سے نقصان کی ریکوری روکنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ میں جمعہ کو یہاں کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی مین2رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت اقلیتی رہنماء رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے عدالت کو بتایا کہ کرک مندر کی بحالی اور تزہین و آرائش بھی کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرک مندر کے علاقہ میں اب ہندوئوں اور مسلمانوں میں اچھی ہم آہنگی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے مندر کو نقصان پہنچانے والوں سے ریکوری کا حکم دیا تھا صوبائی حکومت نے مندر کو نقصان پہنچانے والوں سے کچھ ریکوریاں بھی کیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عدالت مناسب سمجھے تو ریکوری کا یہ سلسلہ روک دیا جائے مندر کو نقصان پہنچانے والے معافی مانگ چکے ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے اس موقع پر مندر کو نقصان پہنچانے والوں سے نقصانات کی ریکوری روکنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کو نمٹا دیا ہے ۔