سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد کی بلاکنگ، عدم تعاون پر کارروائی کی تیاریاں شروع

جو کمپنیاں پاکستان میں رجسٹرڈ نہیں ادارے ان سے کاروباری تعاون ختم کر دیں،پی ٹی اے

ہفتہ 21 جنوری 2023 14:36

سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد کی بلاکنگ، عدم تعاون پر کارروائی کی تیاریاں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2023ء) پی ٹی اے نے غیر اخلاقی مواد کی بلاکنگ میں عدم تعاون پر غیر رجسٹرڈ سوشل میڈیا کمپنیوں کیخلاف کارروائی کی سفارش کر دی۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد کی بلاکنگ میں عدم تعاون کرنے والی غیر رجسٹرڈ سوشل میڈیا کمپنیوں کیخلاف کارروائی کی سفارش کردی ہے۔

پی ٹی اے نے کہا ہے کہ جو کمپنیاں پاکستان میں رجسٹرڈ نہیں ادارے ان سے کاروباری تعاون ختم کر دیں اور حکومت تمام ریگولیٹرز کو ہدایت جاری کرے۔پی ٹی اے دستاویز میں کہا گیا ہے کہ حکومت سٹیٹ بینک، ایس ای سی پی، ایف بی آر اور وزارت تجارت کو ہدایات دے، کوئی بھی ادارہ کاروبار سے پہلیسوشل میڈیا کمپنیوں کا پی ٹی سے سٹیٹس چیک کرے۔

(جاری ہے)

پی ٹی اے نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کمپنیاں خود کو پاکستانی قانون سے بالاتر سمجھتی ہیں، اور غیر اخلاقی توہین آمیز مواد بلاک کرنے میں تعاون نہیں کر رہیں، توہین مذہب کے حساس معاملے پر کمپنیوں کا عدم تعاون ناقابل قبول ہے۔

پی ٹی اے نے سفارش کی ہے کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو رجسٹریشن اور مواد کی بلاکنگ کیلئے حتمی نوٹس دیا جائے، غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کیخلاف سوشل میڈیا قوانین کے تحت جرمانے کئے جائے، حکومت پاکستان کی ہدایات کو نظر انداز کرنے والی کمپنیوں کی بندش کی جائے۔