ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کا کاشتکاروں کوکماد کی بہاریہ فصل کیلئے بیج کے انتخاب اور شرح بیج بارے مشورہ

منگل 24 جنوری 2023 13:28

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کا کاشتکاروں کوکماد کی بہاریہ فصل کیلئے بیج کے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2023ء) محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری خالد محمود نے کاشتکاروں کوکماد کی بہاریہ فصل کیلئے بیج کے انتخاب اور شرح بیج کے بارے میں مشورہ دیا کہ بروقت کاشت اور دیگر موزوں حالات میں فی ایکڑ 4آنکھوں والے 13 سے15ہزار سمے یا3آنکھوں والے 17 سے20 ہزار سمے ڈالنے چاہئیں جبکہ یہ تعداد تقریباً 100 سے 120 من بیج سے حاصل کی جاسکتی ہے تاہم اگر کاشت میں تاخیر ہوجائے یا زمین کی صحیح تیاری نہ ہو تو بیج کی مقدار میں 10سے15 فیصد اضافہ کردینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کماد کی بوائی گنے ہی سے کاٹے ہوئے 3یا4 آنکھوں والے ٹکڑوں (سموں) کے ذریعے کی جائے اور ہمیشہ صحت مند، بیماریوں اور کیڑوں سے پاک فصل سے بیج کا انتخاب کیا جائے نیز بیج بناتے وقت بیماراور کمزور گنے چھانٹ کر الگ نکال دینے چاہئیں خاص طورپر ایسے کھیت سے بیج ہرگز نہ رکھا جائے جس میں رتہ روگ کی بیماری موجود ہو۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ہمیشہ یک سالہ فصل کا بیج منتخب کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ بیج کیلئے گنے کا اوپر والا حصہ استعمال کیا جائے کیونکہ اس سے اگاؤ اچھا ہوگاتاہم گری ہوئی فصل کا بیج ہرگز استعمال نہ کیاجائے اور آنکھوں کو زخمی ہونے سے بچانے کے علاوہ بیج کیلئے گنے کو درانتی یا پلچھی سے نہ چھیلا جائے بلکہ ہاتھوں سے کھوری اتار ی جائے۔ انہوں نے بتایاکہ سموں پر کھوری یا سبز پتوں کا غلاف نہیں ہونا چاہیے ورنہ اگاؤ کم ہوسکتاہے اور دیمک لگنے کا بھی خطرہ رہتاہے۔

متعلقہ عنوان :