محکمہ زراعت کی ترشاوہ پھلوں کی برداشت و سنبھال کیلئے سفارشات جاری

منگل 24 جنوری 2023 13:57

محکمہ زراعت کی  ترشاوہ پھلوں کی برداشت و سنبھال کیلئے سفارشات جاری
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2023ء) محکمہ زراعت نے باغبانوں و کاشتکاروں کو ترشاوہ پھلوں کی برداشت اور سنبھال کیلئے سفارشات جاری کر دی ہیں ۔ ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ تمام ترشاوہ پھلوں کو اس وقت توڑا جائے جب ان میں مناسب خوشبو، مٹھاس اور رنگ بن جائے جبکہ بہتر طریقہ یہ ہے کہ جب مٹھاس کی مقدار زیادہ اور کھٹاس کم ہو اس وقت پھل کو درخت سے الگ کریں ۔

پھل کی توڑائی مناسب طریقے سے کریں ورنہ پھل جلد گل جائے گا اور مارکیٹ میں کم قیمت پائے گانیز پھل ہمیشہ قینچی کی مدد سے توڑیں اور پھل کی ڈنڈی پھل کے کندھوں کے برابر رکھ کر کاٹیں ورنہ دوسرے پھل زخمی ہوں گے اسی طرح اونچائی سے پھل سیڑھی کی مدد سے اتاریں اوردرخت کے اوپر چڑھ کر پھل ہر گز نہ توڑیں اور اسے ٹوکریوں یا کریٹوں میں ڈال کر ایک جگہ اکٹھا کر لیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر پھل کا چھلکا زخمی نہ ہو اور چوٹ نہ لگے تو پھل دیر تک اچھی حالت میں سٹور کیا جاسکتاہے اسلئے پھل توڑتے وقت پھل کو زخمی ہونے سے بچائیں اور خیال رکھیں کہ درخت کو بھی کوئی نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے کہاکہ مٹی سے اٹے ہوئے پھل اچھے معلوم نہیں ہوتے اور گل سٹر جاتے ہیں اسلئے ان کو نرم کپڑے سے صاف کریں یا پوٹاشیم پرمیگینٹ کے محلول سے دھو لیں تو بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پھل کی صفائی کے بعد اس کی درجہ بندی کریں جس سے بڑے سائز کا پھل علیحدہ،درمیانہ سائز کا علیحدہ اور چھوٹے سائز کا پھل علیحدہ کر لیں ۔ انہوں نے کہاکہ آج کل مشینی طریقہ سے پھل کی درجہ بندی اور صفائی کی جاتی ہے اس کے فوراً بعد پروپکسنگ بھی کرلینی چاہیے، جس کے بعد پھل کی پیکنگ کا مرحلہ آتاہے جو کہ بہت اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ پھل چھوٹے چھوٹے کریٹ جن کا سائز12x12x18 انچ ہوان میں کاغذ لگا کر پھل کو گڈی کاغذ میں لپیٹ کر تہوں میں رکھیں اور ہر تہہ کے درمیان بھی کاغذ لگائیں اس طرح پھل پیک کر کے کاشتکار اچھی قیمت حاصل کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :