کاشتکاروں کو جلدی پھل دینے والی مرچ کی اقسام کی کاشت کی سفارش

منگل 24 جنوری 2023 14:02

کاشتکاروں کو جلدی پھل دینے والی مرچ کی اقسام کی کاشت کی سفارش
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2023ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مرچ کے وائرسی امراض، تیلے، پتہ مروڑ وائرس، سفید مکھی، گوڑھ سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ۔ ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکاراس ضمن میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں کیونکہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان میں مذکورہ بیماریوں کے مرچ کی فصل پر حملہ آور ہونے سے کچھ نقصان دیکھنے میں آ رہاہے اور پیداوار میں بھی نمایاں کمی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار مرچ کو مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے صحت مند بیج استعمال کریں اور ہر 2سے 3سال بعد فصلوں میں غیرمیزبان پودوں سے ہیرپھیر بھی کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ جڑی بوٹیوں کی تلفی اور آبپاشی کے نظام میں بہتری لا کربھی فصل کو نقصان سے بچایاجاسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار متاثرہ پودوں کی باقیات کو فوری تلف کردیں اور ایسی اقسام کا انتخاب کریں جس سے پھل جلدی تیار ہو جاتاہو۔

انہوں نے کہاکہ پھل کو زخمی ہونے سے بچانا بھی انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوت مدافعت کی حامل اقسام کی کاشت نہ ہونے سے پھل کاسڑاؤ بھی مرچ کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے اسی طرح سفوفی پھپھوندی کے بروقت تدارک کیلئے بھی مناسب زہروں کا سپرے کریں ، اس ضمن میں کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔