لاہور کے ماحولیاتی نمونہ میں وائرس کی تصدیق ہونا غیرمتوقع نہیں ، ڈاکٹر شہزاد بیگ

منگل 24 جنوری 2023 17:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2023ء) کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر (این ای او سی) ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا ہے کہ لاہور کے ماحولیاتی نمونہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہونا غیرمتوقع نہیں ہے، پاکستان اور افغانستان کو ایک وبائی بلاک سمجھا جاتا ہے جس میں پولیو وائرس سرحدوں کے پار منتقل ہوتا ہے، وہاں آبادی کی نقل و حرکت بڑے پیمانے پر ہوتی ہے۔

منگل کواپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ گزشتہ ایک سال سے ہم نے افغانستان کے پولیو پروگرام کے ساتھ بہت قریب سے کام کیا ہے اور کسی بھی ملک میں وائرس کو اپنا ہی سمجھا ہے۔ پاکستان اور افغانستان اس وقت تک پولیو سے پاک نہیں ہو سکتے جب تک کہ دونوں ممالک وائرس کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں کر دیتے۔انہوں نے کہا کہ وائرس کے پھیلائو کو روکنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کی ویکسینیشن یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ والدین خاص طور پر لاہور میں اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ فروری میں ہونے والی انسداد پولیو مہم میں اپنے بچوں کو ضرور پولیو کے قطرے پلوائیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور سے پولیو کا آخری کیس جولائی 2020 میں سامنے آیا تھا تاہم ماحولیاتی نمونوں میں وقتاً فوقتاً اس وائرس کی تصدیق ہوتی رہی ہے۔ گزشتہ برس ضلع لاہور کے چار ماحولیا تی نمونوں میںسے پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔