گلشن راوی میں پائے جانے والے وائرس کا تعلق افغانستان کے ننگرہار میں پائے گئے پولیو وائرس سے ہے، وزیر صحت

ماحول میں وائرس کی بروقت تصدیق ہونا بچوں کو پولیو وائرس سے معذور ہونے سے بچانے کے لیے بہت ضروری ہے، عبد القادر پٹیل

منگل 24 جنوری 2023 22:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2023ء) وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل نے کہاہے کہ گلشن راوی میں پائے جانے والے وائرس کا تعلق افغانستان کے ننگرہار میں گزشتہ نومبر میں پائے جانے والے پولیو وائرس سے ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہاکہ ماحول میں وائرس کی بروقت تصدیق ہونا بچوں کو پولیو وائرس سے معذور ہونے سے بچانے کے لیے بہت ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ لاہور میں فروری اور مارچ میں اضافی پولیو مہمات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان پولیو پروگرام نے افغانستان پولیو پروگرام کے ساتھ بہت قریب سے کام کیا ہے۔ عبد القادر پٹیل نے کہاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کا واحد طریقہ پانچ سال تک کے بچوں کو حفاظتی قطرے پلوانا ہیں۔ انہوںنے کہاکہ والدین ،خاص طور پر لاہور میں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ فروری میں منعقد ہونے والی مہم میں اپنے بچوں کو ضرور پولیو کے قطرے پلوائیں۔ وزیر صحت نے کہاکہ لاہور سے پولیو کا آخری کیس جولائی 2020 میں سامنے آیا تھا ۔ عبد القادر پٹیل نے کہاکہ گزشتہ برس ضلع لاہور کے چار ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کے تصدیق ہوئی تھی۔