پی ایس ایل 8: کامران اکمل کو پشاور زلمی کی کوچنگ ملنے کا امکان

وکٹ کیپر بلے باز نے 2016ء سے 2022ء تک پشاور زلمی کی نمائندگی کی، 74 اننگز میں 1972 رنز کے ساتھ دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 25 جنوری 2023 15:59

پی ایس ایل 8: کامران اکمل کو پشاور زلمی کی کوچنگ ملنے کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 جنوری 2023ء ) وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کے لیے پشاور زلمی میں کوچنگ کا کردار ملنے کا امکان ہے۔ اس بات کا انکشاف فاسٹ بولر وہاب ریاض نے جیو سوپر ڈاٹ ٹی وی کو ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انٹرویو کے دوران جب وہاب ریاض سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنے سینئر زلمی ساتھی کامران کی کمی محسوس کریں گے، تو انہوں نے کہا کہ کرکٹر کے 2017ء کی پی ایس ایل چیمپئن ٹیم کے کوچنگ سیٹ اپ میں شامل ہونے کا زیادہ امکان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "یقیناً، کامران اکمل کی غیر موجودگی کو بہت محسوس کیا جائے گا لیکن میں نے سنا ہے کہ انہیں زلمی سیٹ اپ میں کوچنگ کی نوکری ملنے کا زیادہ امکان ہے۔ 41 سالہ کامران اکمل نے 2016ء سے 2022ء تک پشاور زلمی کے لیے کھیلا۔

(جاری ہے)

وہ اس وقت پی ایس ایل میں 74 اننگز میں 1972 رنز کے ساتھ دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ سنچریاں (3) بنانے کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے۔

لیگ میں ان کی بیٹنگ اوسط 27.38 ہے۔ پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے لیے کامران اکمل کو برقرار نہیں رکھا۔ انہیں اس ڈرافٹ میں ریلیز کیا گیا جو گزشتہ دسمبر میں ہوا تھا تاہم محمد حفیظ سمیت کئی سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ان کا انتخاب نہیں کیا گیا۔