مانسہرہ ، ایمبولینس میں منشیات سمگل کرنے والے دوملزمان کوعمرقیداورجرمانے کی سزا

بدھ 25 جنوری 2023 17:00

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2023ء) مانسہرہ ۔25جنوری (اے پی پی)مانسہرہ کی عدالت نے ایمبولینس میں منشیات سمگل کرنے والے دوملزمان کوعمرقیداورجرمانے کی سزاسنادی ۔

(جاری ہے)

ترجمان مانسہرہ پولیس کے مطابق دومارچ 2022 کو تھانہ سٹی پولیس بالاکوٹ روڈ پر پولیو مہم کی سکیورٹی کے لیےناکہ بندی پر موجود تھی کہ ایک ایمبولینس لغمانی ہل ٹاپ کی جانب سے آئی جسکو مشکوک جان کر روکا گیا، ایمبولینس کا ڈرائیور مانسہرہ آمد کا کوئی معقول جواب نہ دے سکاجس پرپولیس کو شک گزرا ،جانچ پڑتال پر ڈرائیور ایمبولینس نے اپنا نام میراجان ولد خیال جان جبکہ عقبی سیٹ پر بیٹھے شخص نے اپنا نام غنی الرحمن ولد میراجان سکنان کالج ٹاؤن پنڈی روڈ کوہاٹ بتایا،ایمبولینس کو مشکوک جان کر جامعہ تلاشی عمل میں لائی گئی ، دوران تلاشی ایمبولینس سے 44 کلو سے زائد چرس اور 5 کلو سے زائد افیون برآمد ہوئی،ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے تھانہ سٹی منتقل کیا گیا جہاں ملزمان کے خلاف امتناع منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوا،بعدازاں ملزمان کوجیل جبکہ چالان مکمل کرکے سیشن کورٹ کی عدالت میں پیش کیاگیاجہاں عدالت نے استغاثہ کی جانب سے پیش ہونے والے گواہوں کی روشنی میں ملزمان کوعمرقید اورپانچ لاکھ جرمانے کی سزاسنادی ۔