بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات سے مناسب فاصلہ رکھیں، احتیاطی تدابیر اختیار کرکے بجلی حادثات سے محفوظ رہا جا سکتا ہے، ترجمان آئیسکو

بدھ 25 جنوری 2023 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2023ء) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ترجمان نے کہا ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات سے مناسب فاصلہ رکھیں، احتیاطی تدابیر اختیار کرکے بجلی حادثات سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان آئیسکو کے مطابق احتیاطی تدابیر پر عمل ممکن بنا کر بجلی حادثات سے خود کو اورا پنے پیاروں کو محفوظ بنا یا جاسکتا ہے، آئیسکو انتظامیہ صارفین سے درخواست کرتی ہے کہ وہ بارش کے دوران بجلی کی تاروں، کھمبوں، میٹروں، ٹرانسفارمرز اور دیگر تنصیبات سے مناسب فاصلہ رکھیں اور اُنہیں چھونے سے گریز کریں، جسم یا ہاتھ گیلے ہونے کی صورت میں برقی آلات کو ہر گز ہر گز نہ چھوئیں۔

ترجمان کے مطابق شارٹ سرکٹ کے نقصانات سے بچنے کیلئے گھروں اور دیگر مقامات کی بجلی کی وائرنگ درست کرائیں، چھوٹے بچوں کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی ضرور فراہم کریں ،بجلی کی تاروں کے نزدیک یا نیچے تعمیرات سے گریز کریں کیونکہ یہ ایک غیر قانونی عمل کے ساتھ انسانی جان کیلئے خطرے کا باعث بھی ہے ،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ ایس ڈی او آفس ، ہیلپ لائن نمبر 118 یا کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کے نمبر 9252933۔051، 9252934۔051 پر کال کریں ۔