ضلعی انتظامیہ کا اندرون شہر ٹریفک مسائل پر قابوپانے کے حوالے سے اجلاس

بدھ 25 جنوری 2023 18:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2023ء) پشاور کے اندرون شہر بازاروں میں ٹریفک مسائل پر قابو پانے اور ٹریفک بہائو میں روانی برقرار رکھنے کے حوالے سے جامع پلان ترتیب دے دیا گیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر رائو ہاشم، چیف وارڈن شہری دفاع سید فیاض علی شاہ، ایس پی ٹریفک محمد سعید خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جنید شاہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر انجنیئر مصباح وحید، ڈی ایس پی ٹریفک اصلاح الدین سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں اندرون شہر بازاروں میں ٹریفک مسائل کے حوالے سے تفصیل سے بات چیک کی گئی اور شرکاء نے ٹریفک مسائل پر قابو پانے کے حوالے سے اپنی تجاوزیر پیش کیں۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام تجاویز کو غور سے سنا اور آخر میں اتفاق رائے سے فیصلے کیے گئے کہ اندرون شہر بازاروں میں تجاوزات مافیا کے خلاف میگا کریک ڈائون شروع کیا جائے گا جو کہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔

اشرف روڈ ، چوک یادگار، گھنٹہ گھر، تحصیل گورگھڑی اور ریتی بازار میں ٹریفک کی روانی میں آسانی لانے کے حوالے سے ایک پلان مرتب کیا گیا جس سے ٹریفک کے بیشتر مسائل پر قابو پالیا جائے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے انتظامی افسران اور ٹریفک افسران کو ہدایت کی کہ جلد از جلدپلان پر عمل درآمد کیا جائے اور تجاوزات مافیا کے خلاف بھی مشترکہ آپریشن شروع کیا جائے تاکہ پشاور میں ٹریفک مسائل پر قابو پایا جا سکے۔