Live Updates

پرویز الٰہی کا عمران خان کو حکومتی مظالم کیخلاف فوری عدالتوں سے رجوع کا مشورہ

پہلے بھی عدلیہ سے انصاف ملا اب بھی صرف عدالتیں ہی حکومتی اوچھے ہتھکنڈوں سے تحفظ دے سکتی ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی چیئرمین پی ٹی آئی سے ٹیلیفونک رابطے میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 جنوری 2023 19:42

پرویز الٰہی کا عمران خان کو حکومتی مظالم کیخلاف فوری عدالتوں سے رجوع ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2023ء ) مسلم لیگ ق کے سینئر رہنماء اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے عمران خان کو حکومتی مظالم کے خلاف فوری عدالتوں سے رجوع کرنے کا مشورہ دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور رہنما مسلم لیگ ق چوہدری پرویز الٰہی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، اس دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر طویل مشاورت کی۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ فاشسٹ اقدامات سے اعلیٰ عدلیہ ہی تحفظ دے سکتی ہے، پہلے بھی عدلیہ سے ہی انصاف ملا لہٰذا اب بھی حکومتی مظالم کے خلاف فوری عدالتوں سے رجوع کریں، کیوں کہ صرف عدالتیں ہی حکومتی اوچھے ہتھکنڈوں سے تحفظ دے سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ شریفوں کی تاریخ مخالفین کے خلاف انتقامی کاروائیوں سے بھری ہوئی ہے، سانحہ ماڈل ٹائون سے بھی انہوں نے سبق نہیں سیکھا، چوہدری وجاہت حسین جیسے سینئر سیاستدان اور ان کے بیٹے موسی الہی پر مقدمہ درج کیا گیا وہ قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ساڑھے 5 ماہ کے دور حکومت میں کسی ایک سیاسی کارکن کے خلاف انتقامی کاروائی نہیں کی گئی، ن لیگ کی قیادت انتقام کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، سانحہ ماڈل ٹائون سے بھی انہوں نے سبق نہیں سیکھا، شریف جب بھی اقتدار میں آتے ہیں تو ان کے رانا ثناء اللہ اور عطاء اللہ تارڑ جیسے لوگ چوزوں کی طرح پھدکنا شروع کردیتے ہیں۔ مسلم لیگ ق کے رہنماء نے کہا کہ جس طرح چوہدری وجاہت حسین جیسے سینئر سیاستدان اور ان کے بیٹے موسی الہی پر مقدمہ درج کیا گیا وہ قابل مذمت ہے، شریفوں کی تاریخ اپنے مخالفین کے خلاف ایسی انتقامی کاروائیوں سے بھری ہوئی ہے، پنجاب پولیس نے 16 اپریل کو جس طرح اراکین پنجاب اسمبلی پر ایوان کے اندر بدترین تشدد کیا دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی پر تشدد میں ملوث سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور سابق آئی جی پنجاب کو ہم بھولیں گے نہیں، 16 اپریل اور 25 مئی کے واقعات کو بھی ہم بھولے نہیں ہیں، شریفوں کے ظلم کی سیاہ رات الیکشن کمیشن کی وجہ سے صرف ڈھائی ماہ کی حکومت ہے پھر ان کے تمام غیر قانونی اقدامات کا حساب ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات