Live Updates

اداروں کو ڈرانا دھمکانا فواد چوہدری کا وطیرہ ہے،پی ٹی آئی والے سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں، عظمیٰ بخاری

بدھ 25 جنوری 2023 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2023ء) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اداروں کو ڈرانا دھمکانا فواد چوہدری کا وطیرہ ہے،پی ٹی آئی والے سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں،فواد چوہدری کی گرفتاری قانون کے مطابق عمل میں لائی گئی،اداروں کو اکسانے پر فواد چوہدری کو آئین و قانون کے مطابق سزا ہونی چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عظمی بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں ہماری قیادت کو جھوٹے مقدمات میں جیل میں ڈالا گیا،پی ٹی آ ئی والے قانون سے بالاتر کیوں ہیں،فواد چوہدری اداروں کو دھمکا کر اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں،انہوں نے عدالتوں اور ججزکیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے ہیں،عدالتوں کو اداروں کو دھمکانے پر فواد چوہدری کیخلاف نوٹس لینا چاہئے اور اسے وہ سزا دینی چاہئے جو پاکستان کے آئین اور قانون میں موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ فواد چوہدری جب وزیر اطلاعات تھے تو ان کے چہرے پر تمسخرانہ مسکراہٹ ہمیشہ موجود رہتی تھی، انہیں نہ کسی کی بیماری کا احساس تھا اور نہ کسی کے خاندان کا لحاظ ہوتا تھا ، اپنی مرضی کے مطابق جو انکا دل چاہتاتھا وہ بول دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فرخ حبیب فواد چوہدری کا بچائو کرنے کیلئے جو حرکتیں کررہے ہیں وہ سستی شہرت حاصل کرنے کے سوا کچھ نہیں۔

عظمی بخاری نے فواد چوہدری کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئینی اداروں کے سربراہوں اور ان کے خاندانوں کو ڈرانا دھمکانا ریڈ لائن ہے، فواد چوہدری نے آئینی اداروں کے سربراہوں کو قبرتک پہنچانے کا بیان دیا،ان کے جرم ناقابل معافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری نے سیاسی نظام میں نفاق کے بیج بوئے اور ریاستی اداروں کی تضحیک کی، فواد چوہدری نے سیاسی مخالفین کی عزت اچھالنے کی روش ڈالی، قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے، فواد چودھری کیخلاف بھی قانون اپنا راستہ لے۔

ان کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی کو سپریم کورٹ ججز پر بالواسطہ تنقید کرنے پر نا اہل کیا گیا اور گرفتار کیا گیا،طلال چوہدری کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید کرنے پر نا اہل کیا گیا۔سیاسی گرفتاریاں کرنا ہوتیں تو تحریک انصاف کی پوری قیادت جیل میں ہوتی۔عظمی بخاری نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، ہمارے خلاف جتنے بھی فیصلے آئے ہم نے کسی جج یا عدالت کے خلاف کوئی نازیبا الفاظ استعمال نہیں کیے کیونکہ مسلم لیگ( ن) قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے، لیکن فواد چوہدری سمیت پوری پی ٹی آئی جماعت اداروں اور عدلیہ کے خلاف بد زبانی کررہی ہے تو وہ اداروں سے کسی بھلائی کی توقع کیسے رکھ سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صحافی شاہد اسلم کو عدالتوں سے ریلیف ملاہے جو ایک اچھی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ابھی یہ نہیں پتا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے کتنے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا ہے اور جیلیں کاٹی ہیں، ابھی تو فواد چوہدری کی گرفتاری ہوئی ہے،انہیں ابھی مقدمات کا سامنا کرنا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات