سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے،عبدالشکور

قرآن ہماری اساس اور بنیاد ہے اس کی بے حرمتی کوئی بھی مسلمان برداشت نہیں کر سکتا،وفاقی وزیر

بدھ 25 جنوری 2023 23:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2023ء) وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے،قرآن ہماری اساس اور بنیاد ہے اور اس کی بے حرمتی کوئی بھی مسلمان برداشت نہیں کر سکتا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ترکی کے وزیر مذہبی امور پروفیسر ڈاکٹر علی ارباش کی دعوت پر مسلم ممالک کے وزرائے مذہبی امور کی ویڈیو لنک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس میں ملائشیا، سوڈان، جبوتی،ایران، فلسطین سمیت اسلامی ممالک کے وزرائے مذہبی امور نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا کہ کینیڈا، نیوزی لینڈ اور دیگر ممالک میں پہلے بھی اس طرح کے واقعات ہوئے ہیں،اسلام امن اور رواداری کا مذہب ہے اور ہم سب کا احترام کرتے ہیں لیکن سویڈن میں قرآن کی حالیہ بے حرمتی کا واقعہ ناقابل برداشت ہے،ہم وزیر مذہبی امور ترکی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انھوں نے اس بات کی اہمیت کا احساس کیا اور وزرائے کرام اور اہم شخصیات کو جمع کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، علمائے کرام اور عوام اس واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہیں،اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات ہوتے رہے ہیں،اس سے مسلمانوں میں تشویش پیدا ہونا فطری امر ہے،امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پر ٹھوس اور جارحانہ موقف اپنائے،اقوام متحدہ اور بڑے ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھی اپنا کردار ادا کریں،بین المذاہب ہم آہنگی کا رویہ سب کو اپنانا چاہیے،اس پر مستقل اور موثر قانون سازی کی ضرورت ہے اور پھر ان قوانین پر عمل بھی کیا جائے تاکہ پھر کسی کو اس طرح کے عمل کی جرات نہ ہو۔