امریکا نے ایران کے جوہری راز چرانے میں اسرائیلی خفیہ ادارے کی مدد کی تھی،سابق امریکی وزیر خارجہ کا انکشاف

جمعرات 26 جنوری 2023 10:30

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2023ء) سابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنی نئی کتاب ’نیور گیو این انچ‘ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اےنے فروری 2018ء میں اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے ایجنٹس کے ایران سے فرار میں ان کی مدد کی، یہ ایجنٹ ایران کا خفیہ جوہری دستاویزات کا ذخیرہ چرانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

سعودی اخبار کے مطابق انہوں نے اپنی کتاب میں لکھا کہ اس وقت کے موساد کے ڈائریکٹر یوسی کوہن کے ساتھ متعدد بار بات چیت ہوئی تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا یہ رابطے کن تاریخوں میں ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ یورپی دارالحکومت کے دورے سے واپسی کے بعد ہوائی جہاز سے اترے تو انہیں یوسی کوہن کی کال موصول ہوئی جسے وہ وصول کرنے کے لیے واپس طیارے کے اندر چلے گئے کیونکہ طیارہ مناسب مواصلاتی آلات سے لیس تھا اور وہاں پر ایک اسرائیلی اہلکار کے ساتھ خفیہ بات چیت محفوظ طریقے سے ہوسکتی تھی۔

(جاری ہے)

نہوں نے مزید کہا کہ یوسی کوہن نے انہیں بتایا کہ ہمارے پاس ایک ٹیم تھی جس نے ابھی ایک بہت اہم مشن مکمل کیا ہے اور اب مجھے ان میں سے کچھ کوایران سےباہر نکالنے میں تھوڑی پریشانی ہو رہی ہے اور اس کے لئے مجھے آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔ مائیک پومپیو نے مزید کہا یوسی کو ہن نے انہیں کئی مرتبہ اسی حوالے سے فون کئے اور میں نے خطرات کی پرواہ کیے بغیر اس پر کام کرنا شروع کیا ۔انہوں نے انکشاف کیاکہ اگلے دو دنوں کے اندرموساد کی ٹیم بغیر کسی مشکل کے ایران سےبحفاظت واپس آ گئی۔