عامر لیاقت کے قتل کے حوالے سے دانیہ کی والدہ کا انکشاف

عامر لیاقت کا قتل ہوا جس کی وجہ رقم تھی، دانیہ کے خلاف بے بنیاد ایف آئی آر درج کی گئی۔سلمیٰ بی بی کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 26 جنوری 2023 11:37

عامر لیاقت کے قتل کے حوالے سے دانیہ کی والدہ کا انکشاف
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 جنوری 2022ء) مرحوم رکن اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ دانیہ شاہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کا قتل ہوا جس کی وجہ رقم تھی۔انہوں نے لودھراں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دانیہ کے خلاف بے بنیاد ایف آئی آر درج کی گئی، اس کے موبائل سے کوئی ویڈیو وائرل نہیں ہوئی۔سلمیٰ بی بی نے دعویٰ کیا کہ دانیہ بے گناہ ہے۔

بشریٰ اقبال جھوٹ بول رہی ہے کہ عامر نے دانیہ کو طلاق دے دی تھی۔عامر لیاقت نے وفات سے چار روز قبل صلح کے لیے رابطہ کیا تھا۔سلمیٰ بی بی نے الزام عائد کیا کہ عامر لیاقت کا قتل ہوا جس کی وجہ رقم تھی۔دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے مرحوم عامر لیاقت کی نا زیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں ملزمہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پرفریقین کو 8 فروری تک کے لئے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کوسندھ ہائی کورٹ میں عامر لیاقت کی نامناسب ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے پرسماعت ہوئی، عدالت نے ملزمہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر مدعیہ، پراسکیوٹر ایف آئی اے، انویسٹی گیشن افسر کو 8 فروری کے لیے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ عامرلیاقت مرحوم کی تیسری اہلیہ پرالزام ہے کہ انہوں نے خاوند کی نامناسب ویڈیو سوشل میڈیا کو فراہم کی تھی۔دانیہ شاہ کے خلاف عامرلیاقت کی صاحبزادی دعائے عامرکی مدعیت میں ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی میں مقدمہ درج ہے۔

ایڈووکیٹ لیاقت علی خان گبول نے موقف اپنایا کہ ملزمہ کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروایا گیا ہے ملزمہ نے نہ تو عامر لیاقت کی ویڈیو بنائی اور نہ ہی کسی کو فراہم کی۔وکیل نے کہا کہ دانیہ شاہ مرحوم عامر لیاقت کی بیوہ ہیں جائیداد کی وراثت سے حصہ مانگنے پر انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاکہ وہ اپنے شرعی حصہ سے دستبردار ہوجائے۔دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت ڈسٹرکٹ جج شرقی نے 18 جنوری 2023 کو مسترد کی تھی۔