Live Updates

مہوش حیات اور کبریٰ خان کی درخواستوں پر سماعت،پی ٹی اے اور ایف آئی اے کے جواب جمع

اداکاراؤں کیخلاف جو قابل اعتراض مواد سوشل میڈیا سے ہٹا سکتے تھے وہ ہٹا دیا گیا،پی ٹی اے کا سندھ ہائیکوٹ میں مؤقف

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 26 جنوری 2023 11:46

مہوش حیات اور کبریٰ خان کی درخواستوں پر سماعت،پی ٹی اے اور ایف آئی اے ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 26 جنوری 2023ء ) سندھ ہائیکورٹ میں اداکارہ مہوش حیات اور کبریٰ خان کی درخواستوں پر سماعت،پی ٹی اے،وفاقی حکومت اور ایف آئی اے نے جواب جمع کروا دئیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے سے متعلق اداکارہ مہوش حیات اور کبریٰ خان کی درخواستوں پر سماعت ہوئی،جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے درخواستوں پر سماعت کی۔

پی ٹی اے،وفاقی حکومت اور ایف آئی اے نے جواب جمع کرائے،جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے استفسار کیا کہ گزشتہ سماعت پر مواد ہٹانے کی ہدایت کی تھی؟ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا متنازع مواد سوشل میڈیا سے ہٹا دیا گیا؟ پی ٹی اے نے بتایا کہ جو قابل اعتراض مواد خود ہٹا سکتے تھے وہ ہٹا دیا گیا،جو مواد بیرون ملک سے ہٹایا جانا ہے اس کیلئے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

سائبر کرائم ونگ کے افسر نے کہا کہ پی ٹی اے کو مواد ہٹانے کا کہہ دیا گیا ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے شکایتی نمبرز جاری کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں،جلد ہی مواد ہٹا دیا جائے گا اور تحقیقات کر لی جائیں گی۔ سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی،وفاقی حکومت اور ایف آئی اے سے پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر سندھ ہائیکورٹ نے مشہور اداکارہ مہوش حیات کے خلاف سوشل میڈیا پر موجود مواد ہٹانے کا حکم دیا۔مشہور اداکارہ مہوش حیات نے یوٹیوبر اور سابق فوجی افسر عادل راجا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائرکی۔مہوش حیات کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران ان کے وکیل بیرسٹر خواجہ نوید احمد نے کہا کہ عادل راجا نامی شخص جھوٹے الزامات لگا رہا ہے۔اداکارہ مہوش حیات پر سوشل میڈیا پر من گھڑت الزامات لگائے گئے جس پرایف آئی اے اور سائبر کرائم سے رجوع کیا مگر کارروائی نہیں ہوئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات