امارات میں موسلا دھار بارش‘ نظام زندگی بری طرح متاثر

کئی سڑکیں ٹریفک کیلئے بند‘ ڈلیوری ایپس نے سروس معطل کردی‘ دبئی، راس الخیمہ، فجیرہ میں آن لائن کلاسز ہوں گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 26 جنوری 2023 11:58

امارات میں موسلا دھار بارش‘ نظام زندگی بری طرح متاثر
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 جنوری 2023ء ) متحدہ عرب امارات میں موسلا دھار بارش کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہوگیا، کئی سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا، ڈلیوری ایپس نے سروس معطل کردی جب کہ دبئی، راس الخیمہ اور فجیرہ میں اسکولوں کی آن لائن کلاسز ہوں گی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، شدید بارشوں نے ساتوں امارات کو متاثر کیا ہے، کچھ گاڑی سواروں کو اپنے سفر کے دوران سڑکوں پر پانی جمع ہونے کا سامنا ہے کیوں کہ سڑکیں پانی سے بھری ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے اعلان کیا ہے کہ پانی بھر جانے کی وجہ سے کچھ سڑکیں عوام کے لیے بند کر دی جائیں گی۔

بتایا گیا ہے کہ السبخہ ٹنل دونوں سمتوں میں بند ہے، اس راستے کو ٹنل کے اوپر ٹریفک لائٹ چوراہے کی طرف موڑ دیا گیا ہے، گاڑیوں والے متبادل کے طور پر شیخ زید روڈ، فرسٹ الخیل سٹریٹ یا الیالیس روڈ لے سکتے ہیں، لطیفہ بنت حمدان اسٹریٹ کے ساتھ الاسائل اسٹریٹ کا چوراہا بھی دونوں سمتوں سے بند ہے، جس کے کے لیے پہلی الخیل اسٹریٹ، لطیفہ بنت حمدان اسٹریٹ اور ام سقیم اسٹریٹ بطور متبادل راستے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کہا گیا ہے کہ دبئی کے رہائشیوں کو دبئی پولیس ایپ پر الرٹس بھی موصول ہوئے ہیں، جس میں اتھارٹی نے آج صبح سڑک پر پیش آنے والے متعدد بڑے حادثات کی وارننگ دی ہے، پیغامات بھیجے گئے ہیں جن میں گاڑی چلانے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ قواعد پر عمل کریں اور چکنی اور پانی بھری سڑکوں پر گاڑی چلاتے وقت محتاط رہیں۔ اسی طرح ڈیلیوری ایپس بھی اپنے صارفین کو خبردار کر رہی ہیں کہ غیر مستحکم موسم کی وجہ سے ڈیلیوری میں تاخیر ہو سکتی ہے، ڈیلیورو نے اپنے صارفین کو مطلع کیا ہے کہ موسم خراب ہونے کی وجہ سے وہ آرڈرز قبول نہیں کر رہے، اس لیے صارفین آن لائن آرڈر کی بجائے براہ راست ریسٹورنٹس سے رابطہ کریں جب کہ کریم آرڈرز قبول کر رہی ہے لیکن انہوں نے صارفین کو بتایا ہے کہ ان کے ڈیلیوری ڈرائیورز، یا 'کیپٹن' تاخیر کا شکار ہو سکتے ہیں، ایسے ہی Talabat ایپ بھی آرڈر تو لے رہی ہے لیکن ترسیل کے اوقات معمول سے زیادہ ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے کچھ نجی اسکولوں نے بھی جمعرات کو آن لائن کلاسز کا اعلان کیا ہے، جیمز ایجوکیشن نے کہا کہ ویلنگٹن انٹرنیشنل اسکول دبئی، ونچسٹر سکول فجیرہ اور ویسٹ منسٹر اسکول راس الخیمہ نے آن لائن کلاسز منتقل کیں، فجیرہ اور راس الخیمہ کے اسکولوں نے وزارت تعلیم کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی بنیاد پر ریموٹ لرننگ کا فیصلہ کیا کیوں کہ غیر مستحکم موسم کی وجہ سے راس الخیمہ اور فجیرہ کے سرکاری سکولوں کے طلباء کے لیے ریموٹ لرننگ کو فعال کر دیا گیا ہے، دونوں امارات کی پولیس نے کہا کہ طلباء 26 اور 27 جنوری (جمعرات اور جمعہ) کو گھر آن لائن کلاسز لیں گے۔