پاکستان اورشمالی امریکہ کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم میں کمی، برآمدات میں 6.31فیصد اضافہ ریکارڈ

جمعرات 26 جنوری 2023 13:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2023ء) پاکستان اورشمالی امریکہ کے درمیان دو طرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں سالانہ بنیادوں پر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، سال کے پہلے نصف میں شمالی امریکہ کو پاکستانی برآمدات میں 6.31فیصد جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 21فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔پاکستان بیورو برائے شماریات اور سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں امریکہ، کینیڈا اورشمالی امریکہ کے دیگرممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 3.309 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 6.31فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں شمالی امریکہ کے ممالک کو برآمدات سے ملک کو 3.518 ارب ڈالرکا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

(جاری ہے)

اعدادوشمارکے مطابق دسمبرمیں شمالی امریکہ کے ممالک کو502.51 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئیں جو نومبر میں 510.99 ملین ڈالر اوردسمبر2021 میں 676.22 ملین ڈالر تھیں۔ مالی سال 2022 میں شمالی امریکہ کے ممالک کو برآمدات سے ملک کو7.208ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں شمالی امریکہ کے ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر21فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، جولائی سے دسمبرتک کی مد ت میں شمالی امریکہ کے ممالک سے درآمدات پر1.287ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.558ارب ڈالر تھا۔ دسمبرمیں شمالی امریکہ کے ممالک سے 233.79ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جو نومبر میں 208.27ملین ڈالر اوردسمبر2021 میں 325.05ملین ڈالر تھیں۔ مالی سال 2022 میں شمالی امریکہ کے ممالک سے درآمدات کا حجم 3.340ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔