عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیو لیک کرنے کا معاملہ، دانیہ ملک بڑی مشکل میں پھنس گئی

عدالت نے کیس میں ملزمہ دانیہ ملک پر فرد جرم عائد کر دی،دانیہ ملک کا صحت جرم سے انکار

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 26 جنوری 2023 13:02

عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیو لیک کرنے کا معاملہ، دانیہ ملک بڑی مشکل میں ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 جنوری 2022ء) مرحوم رکن اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کے کیس میں ملزمہ دانیہ ملک پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے ملزمہ دانیہ ملک پر فرد جرم عائد کر دی ۔دانیہ ملک نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں پیش کیس کا چالان جمع کیا جا چکا ہے۔عدالت نے ملزمہ دانیہ شاہ کو چالان کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی، ملزمہ دانیہ شاہ عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ قبل ازیں سندھ ہائیکورٹ نے مرحوم عامر لیاقت کی نا زیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں ملزمہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پرفریقین کو 8 فروری تک کے لئے نوٹس جاری کیے۔

(جاری ہے)

بدھ کوسندھ ہائی کورٹ میں عامر لیاقت کی نامناسب ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے پرسماعت ہوئی، عدالت نے ملزمہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر مدعیہ، پراسکیوٹر ایف آئی اے، انویسٹی گیشن افسر کو 8 فروری کے لیے نوٹس جاری کردیئے۔عامرلیاقت مرحوم کی تیسری اہلیہ پرالزام ہے کہ انہوں نے خاوند کی نامناسب ویڈیو سوشل میڈیا کو فراہم کی تھی۔دانیہ شاہ کے خلاف عامرلیاقت کی صاحبزادی دعا عامرکی مدعیت میں ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی میں مقدمہ درج ہے۔

ایڈووکیٹ لیاقت علی خان گبول نے موقف اپنایا کہ ملزمہ کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروایا گیا ہے ملزمہ نے نہ تو عامر لیاقت کی ویڈیو بنائی اور نہ ہی کسی کو فراہم کی۔وکیل نے کہا کہ دانیہ شاہ مرحوم عامر لیاقت کی بیوہ ہیں، جائیداد کی وراثت سے حصہ مانگنے پر انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاکہ وہ اپنے شرعی حصہ سے دستبردار ہوجائے۔دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت ڈسٹرکٹ جج شرقی نے 18 جنوری 2023 کو مسترد کی تھی۔