پشاورشہر ٹریفک مسائل پر قابو پانے اور ٹریفک بہاو میں روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع پلان ترتیب دے دیا گیا

جمعرات 26 جنوری 2023 16:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2023ء) صوبائی دارلحکومت پشاور کے اندرون شہر بازاروں میں ٹریفک مسائل پر قابو پانے اور ٹریفک بہاو میں روانی برقرار رکھنے کے حوالے سے جامع پلان تریب دے دیا گیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر راو ہاشم، چیف وارڈن شہری دفاع سید فیاض علی شاہ، ایس پی ٹریفک محمد سعید خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جنید شاہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر انجنیئر مصباح وحید، ڈی ایس پی ٹریفک اصلاح الدین سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں اندرون شہر بازاروں میں ٹریفک مسائل کے حوالے سے تفصیل سے بات چیک کی گئی اور شرکا نے ٹریفک مسائل پر قابو پانے کے حوالے سے اپنی تجاوزیر پیش کیں۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام تجاویز کو غور سے سنا اور اتفاق رائے سے فیصلے کیاکہ اندرون شہر بازاروں میں تجاوزات مافیا کے خلاف میگا کریک ڈاون شروع کیا جائے گا جو کہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔

اشرف روڈ، چوک یادگار، گھنٹہ گھر، تحصیل گورگھڑی اور ریتی بازار میں ٹریفک کی روانی میں آسانی لانے کے حوالے سے ایک پلان مرتب کیا گیا جس سے ٹریفک کے بیشتر مسائل پر قابو پالیا جائے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی نے انتظامی افسران اور ٹریفک افسران کو ہدایت کی کہ جلد از جلدپلان پر عمل درآمد کیا جائے اور تجاوزات مافیا کے خلاف بھی مشترکہ آپریشن شروع کیا جائے تاکہ پشاور میں ٹریفک مسائل پر قابو پایا جا سکے۔