زائرین کے جدہ سے مکہ مفت سفر کیلئے بس سروس کا آغاز

یہ سہولت جدہ ایئرپورٹ سے زائرین کو مسجد الحرام تک پہنچانے کے لیے شروع کی گئی ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 26 جنوری 2023 14:26

زائرین کے جدہ سے مکہ مفت سفر کیلئے بس سروس کا آغاز
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 جنوری 2023ء ) جدہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان زائرین کی نقل و حمل کی مفت آزمائشی بس سروس کا آغاز ہوگیا۔ عرب میدیا کے مطابق یہ سہولت جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے زائرین کو مسجد الحرام تک پہنچانے کے لیے شروع کی گئی ہے، ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون سے مسجد الحرام تک زائرین کو بالکل مفت بس سروس فراہم کی جائے گی، تاہم اس سہولت سے وہی زائرین مستفید ہوں گے جو احرام میں ہوں گے جب کہ یہ سہولت سعودی عرب میں مقیم زائرین کو بھی حاصل ہوگی تاہم سعودی شہریوں کو اس مفت بس سروس سے فائدہ اٹھانے کے لیے قومی شناختی کارڈ دکھانا ہوگا اور مملکت میں مقیم غیرملکی زائرین کے لیے ضروری ہے کہ اس سہولت کو حاصل کرنے کے لیے ان کے پاس اقامہ کارڈ موجود ہو۔

ایئرپورٹ حکام نے کہا ہے کہ ٹرمینل ون سے ہر 2 گھنٹے بعد بس حرم شریف کے لیے روانہ ہوگی اور یہ سلسلہ روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہے گا، ایئرپورٹ سے مکہ روانگی کا مرکز پہلی منزل پر ایکیوریم کے برابر میں ہے اور واپس ایئرپورٹ کے لیے کدی سٹیشن اور وقف ملک عبدالعزیز پارکنگ کو مختص کیا گیا ہے، اسی طرح مسجد الحرام سے دوپہر 12 بجے سے لے کر رات 12 بجے تک ہر 2 گھنٹے بعد ایئرپورٹ کے لیے مفت بس سروس دستیاب ہوگی۔

(جاری ہے)

پاسپورٹ (جوازات) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل سلیمان ال یحییٰ نے کہا کہ تمام زمینی بندرگاہوں کے ذریعے عازمین حج کو سعودی عرب میں داخلے کی اجازت دینے کے حوالے سے متعلقہ حکام کے ساتھ مطالعہ جاری ہے، سعودی عرب کی جانب سے رواں سال کے دوران کسی بھی تعداد میں عازمین حج کی آمد کے لیے تیاریاں جاری ہیں، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ عازمین کے آنے کے طریقہ کار کو تیار کرنے کے ساتھ الیکٹرانک خدمات کو آسان بنانے اور بائیو میٹرک خصوصیات کی رجسٹریشن کے لیے مسلسل کوشش کر رہا ہے جو آنے والے حجاج کرام کی شناخت جاننے اور ان کی مملکت آمد کے عمل کو تیز کرنے میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔

جوازات کے سربراہ نے کہا کہ سعودی عرب مضبوط ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بدولت کسی بھی تعداد میں حاجیوں کو وصول کرنے کے لیے تیار ہے، "مکہ روٹ" اقدام کا آغاز وزارت داخلہ نے 8 سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کیا تھا، جس کا مقصد حجاج کرام کے سفری طریقہ کار کو اپنے اپنے ممالک سے مکہ مکرمہ میں ان کی آمد سے پہلے مکمل کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ عازمین حج کی خدمت میں مشن کی کامیابی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس نے 14 زبانیں بولنے والے ملازمین کو تمام زمینی اور سمندری بندرگاہوں کے ذریعے حجاج کی آمد پر ان کی خدمت کے لیے تفویض کیا ہے، آن لائن طریقہ کار کو آسان بنانے کے سلسلے میں سعودی عرب میں پہلے سے رہائش پزیر مقامی حجاج کے لیے الیکٹرانک پلیٹ فارم کا اقدام قابل تعریف ہے، اسباق تیار کرنے اور جوازات کی صلاحیت کا اندازہ لگانے میں الیکٹرانک ڈیٹا انتہائی اہم ہے تاکہ حجاج کی آسانی سے نقل و حرکت میں حصہ ڈالا جا سکے۔