حیدر آباد سکھر موٹر وے کرپشن اسکینڈل میں آئندہ سماعت پر ڈائریکٹر اور تفتیشی افسر کو پیش ہونے کا حکم

جمعرات 26 جنوری 2023 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2023ء) بینکنگ کورٹ نے تین ارب روپے کے حیدر آباد سکھر موٹر وے کرپشن اسکینڈل میں آئندہ سماعت پر ڈائریکٹر اور تفتیشی افسر دونوں کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔بینکنگ کورٹ میں تین ارب روپے کے حیدر آباد سکھر موٹر وے کرپشن اسکینڈل کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں ایف آئی اے حکام اور ملزمان پیش ہوئے۔

ایف آئی اے کی جانب سے حتمی چالان جمع کرانے کے لئے مہلت طلب کرلی۔ عدالت نے ایف آئی اے تفتیشی افسر کی سرزنش کی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کتنی مہلت چاہئے ایک سال کی دے دیں مہلت تفتیشی افسر نے کہا کہ اتنی مہلت نہیں چاہیئے۔ عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ قیامت تک چالان پیش نہیں کر پائیں گے۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ اب تک کیا تفتیش کر چکے ہو۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے کہا کہ اب تک دو ملزمان کے بیانات رکارڈ کئے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اتنا وقت لگایا بیان ریکارڈ کرنے میں، یہ تو منٹس کا کام ہے۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ لوگ بیان ریکارڈ کرانے کے لئے نہیں آتے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ نام اور عہدہ بڑا لمبا لکھا ہوا اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور فلاں فلاں۔ نام بڑا لیکن تمہارے بلاوے پر تو پٹواری بھی نہیں آتا۔ آپ کچھ نہیں کر سکتے ڈائریکٹر کو بلا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈائریکٹر اور تفتیشی افسر دونوں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔