چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر) نور الامین مینگل کی زیر صدارت میٹرو بس سروس کے حوالہ سے اجلاس

جمعرات 26 جنوری 2023 17:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2023ء) چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر) نور الامین مینگل کی زیر صدارت جمعرات کوسی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں میٹرو بس سروس کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ممبر انجینئرنگ، ممبر ایڈمن سمیت متعلقہ شعبوں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں میٹرو بس سروس کے آپریشنز اور ان کے روٹس کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر کیپٹن (ر) نور الامین مینگل نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں میٹرو بس سروس مزید نئے روٹس پر بھی چلائی جائے اور اس کے ساتھ ساتھ موجودہ بس سروسز کا بھی دائرہ اختیار مزید وسیع کیا جائے تاکہ شہریوں کو اعلیٰ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئی جے پی روڈ پر پرپل لائن میٹرو بس سروس شروع کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں، اسی طرح بلیو لائن بس سروس کو روات تک چلایا جائے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر) نور الامین مینگل نے ہدایت جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ سلور لائن بس سروس کو ترامڑی کے علاقے سے شروع کیا جائے اور شروع کی جانے والی تمام نئی میٹرو بس سروسز کو بھی موجودہ میٹرو بس سروس آپریشنز کے ساتھ منسلک کردیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس سروسز کے روٹس پر الیکٹرانک بسیں گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ بنیادوں پر چلانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ طلباء اور 60 سال سے زائد افراد کو ان بسوں پر سفر کرنے کی صورت میں 50 فیصد تک رعایت بھی دی جائے گی جبکہ 10 سال سے کم عمر کے بچوں کو مفت میں سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔