موجودہ حالات میں فلاحی کام کرنا عبادت و جہاد سے کم نہیں، حاجی حنیف طیب

جمعرات 26 جنوری 2023 17:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2023ء) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیرپیٹرولیم ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی سکھر کے شعبہ میڈیکل کے انچارج ڈاکٹر وجیہ شیخ کی نئی کلینک کے افتتاح اورفری میڈیکل کیمپ کے انعقادپر ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی بگڑتی ہوئی صورتحال پرجب لوگوں کا گزربسر کرنامشکل سے مشکل ترہورہاہے ایسے میں لوگوں کوطبی سہولت فراہم کرنا عبادت و جہاد سے کم نہیں،فری میڈیکل کیمپس کے ذریعے لوگوںکواُن کی گھرکی دہلیزپرعلاج معالجہ کی سہولیات پہنچاناالمصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کا مشن ہے۔

ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے ڈاکٹر وجیہہ شیخ کی نئی کلینک کے افتتاح اور المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی سکھر کے زیراہتمام فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد پرمبارک بادپیش کی اورالمصطفیٰ سکھرکی ٹیم کی فلاحی خدمات کوسراہا۔

(جاری ہے)

سکھرمیں لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ کی نگرانی ڈاکٹر وجیہہ شیخ( پی جی آر MP کارڈیالوجی سول اسپتال سکھر) اور ڈاکٹر فیضان علی عباسی (میڈیکل آفیسر سندھ رینجرز اسپتال سکھر)کررہے تھے ۔فری میڈیکل کیمپ میں 150 سے زائد مریضوں کا مفت چیک اپ کیا گیا، فری شوگر اور بلڈ پریشر ٹیسٹ کیے گئے اور فری ادویات بھی فراہم کی گئی اس موقع پر المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی سکھر کے رہنما ثاقب عزیز،ناصر خان، سید عاصم شاہ،محسن علی، سید فراز شاہ، فصیح شیخ بھی موجود تھے۔