بھارتی شنگھائی تعاون تنظیم،بھارتی دعوت پر مناسب وقت پر فیصلہ کیا جائے گا، ممتاز زہرا بلوچ

جمعرات 26 جنوری 2023 22:07

بھارتی شنگھائی تعاون تنظیم،بھارتی دعوت پر مناسب وقت پر فیصلہ کیا جائے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2023ء) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی دعوت کے معاملہ پر مناسب وقت پر فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک ہیں،شنگھائی تعاون تنظیم اہم تنظیم ہے جس کا مقصد رکن ممالک کے مابین اقتصادی روابط، تعاون سمیت تمام شعبوں میں تعلقات مضبوط بنانا ہے، بھارت سال 2022-2023 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی صدارت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال شنگھائی تعاون تنظیم کی سرگرمیوں کا ایک کیلنڈر تیار کیا جاتا ہے، تنظیم کی ان سرگرمیوں میں وزرائے خارجہ کی ملاقاتیں بھی شامل ہوتی ہیں، شنگھائی تعاون تنظیم کا چیئر اپنی حیثیت میں تمام رکن ممالک کو دعوت دیتا ہے، ماضی کی طرح دعوت نامے پر باضابطہ طریقہ کار مطابق کارروائی کی جا رہی ہے، بھارتی دعوت پر مناسب وقت پر فیصلہ کیا جائے گا۔