Live Updates

پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں فتنہ کا نام ہے، رانا ثناء اللّٰہ

یہ جتنا مرضی شور مچائے انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے، وزیر داخلہ کی گفتگو

جمعرات 26 جنوری 2023 22:52

پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں فتنہ کا نام ہے، رانا ثناء اللّٰہ
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2023ء) وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں ایک فتنہ کا نام ہے، یہ جتنا مرضی شور مچائے انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔فرانس کی نوجوان معروف شخصیت کی طرف سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کے اعزاز میں پٴْرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔چیئرمین مسلم لیگ (ن) فرانس راجہ علی اصغر اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری ملک کے مقتدر اور اہم ادارے کے افسران اور ان کے خاندان کو دھمکیاں دینے پر گرفتار ہوئے۔ اس ادارے کی درخواست پر ان کے خلاف مقدمہ درج ہوا جس میں فواد چوہدری کی ضمانت ہوسکتی ہے، میرے خلاف تو خود ساختہ منشیات برآمد کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کی ضمانت ہی نہیں تھی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں اور کوئی قانون و آئینی پیچیدگی نہ ہوئی تو مقررہ مدت میں دونوں صوبوں کے انتخابات ہوجائیں گے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ انتخابات سے مقبولیت کا پتہ چل جائے گا جس طرح کراچی میں پتہ چلا ہے، مسلم لیگ (ن) کی خواہش ہے کہ ملک میں ایک وقت پر عام انتخابات ہوں لیکن جس طرح بھی ہوں ہم مکمل طور پر تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کا قتل، میاں نواز شریف کی ریلی پر حملہ اس وقت کی سیکیورٹی خامی کا نتیجہ تھے، لیکن عمران خان پر وزیر آباد میں حملہ ایک انسان کے ذہنی اختلاف کی بنیاد پر ہوا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میاں نواز شریف کی وطن واپسی کا فیصلہ تفصیلی سیکیورٹی جائزہ لینے کے بعد ہوا ہے، میاں نواز شریف ایک مقبول اور حقیقی عوامی لیڈر ہیں، وہ انتخابات کے وقت پاکستان میں ہوں گے، اس سلسلہ میں سیکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمات اور گرفتاری ہوتی رہتی ہیں مگر پی ٹی آئی والے تو خود غیر قانونی فعل کرکے گرفتاری پر شور مچاتے ہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ان معاملات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا ہی پی ٹی آئی کی سیاست رہ گئی ہے، ان کے پاس کوئی منشور ہے نہ ایجنڈا۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سالوں میں ملک کو تباہ و برباد کر دیا، اب ان کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو دن میں تارے نظر آجائیں گے۔بعد ازاں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اوورسیز پارٹی کارکنوں کے مسائل خصوصی طور پر قومی ایئرلائن کی بحالی کو ضرور کابینہ کے سامنے رکھیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات