پاکستان نے ایس ڈی جیز کو قومی لائحہ عمل کا حصہ بنایا ہے،احسن اقبال

دنیا کو آئندہ نسلوں کیلئے زمینی وسائل بچانے کیلئے ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرنا ہو گا،وفاقی وزیر کا ڈیجیٹل ایس ڈی جی نالج حب کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 26 جنوری 2023 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2023ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایس ڈی جیز کو قومی لائحہ عمل کا حصہ بنایا ،پاکستان کو حال ہی میں موسمیاتی تبدیلی کے بدترین اثرات کا سامنا رہا،سیلاب کی وجہ سے ہمیں خوراک کی کمی کا سامناہے،عوام کا معیار زندگی بہتر کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔

جمعرات کو ڈیجیٹل ایس ڈی جی نالج حب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نالج حب وزارت منصوبہ بندی کی وساطت سے قائم ہو رہا ہے ،دنیا اس وقت بحرانی صورتحال کا شکار ہے ،گلوبل وارمنگ کی وجہ سے پچھلے 5 سال گرم ترین ثابت ہوئے ،2015 میں دنیا نے ملکر کرہ ارض کی حفاظت کے لئے ایس ڈی جی مرتب کیے ،پاکستان نے ایس ڈی جیز کو قومی لائحہ عمل کا حصہ بنایا ،پاکستان کو حال ہی میں موسمیاتی تبدیلی کے بدترین اثرات کا سامنا رہا۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ہمیں خوراک کی کمی کا سامناہے،عوام کا معیار زندگی بہتر کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہئے،پاکستان مسلم لیگ (ن )نے گزشتہ دورمیں لوڈشیڈنگ اوردہشت گردی کا خاتمہ کیا،سی پیک سمیت کئی نئے منصوبے شروع کیے گئے،2018میں حکومت کی تبدیلی سے پاکستان کی ترقی کا سفر رک گیا۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو ملک کو بدترین معاشی اور بجلی کے بحران کا سامنا تھا، دہشت گردی نے بھی ملک کو بری طرح نقصان پہنچایا۔

لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کوششوں سے معیشت کا رخ موڑ گیا اور پہلی بار اسے ریکارڈ ترقی کی راہ پر ڈال دیا گیا۔ خاص طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی اور سماجی اقتصادی ترقی کے متعدد منصوبے شروع کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے جو ہم کر رہے تھے اس کے برعکس کیا جس کے نتیجے میں ایک بار پھر بدترین معاشی بحران پیدا ہو گیا۔

موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے حوالے سے وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کو گزشتہ برسوں میں موسمیاتی تبدیلی کے بدترین اثرات کا سامنا کرنا پڑا جب طوفانی بارشوں اور تباہ کن سیلاب نے ملک کے بیشتر حصوں کو متاثر کیا جس سے 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ زہریلی گیسوں کے عالمی اخراج میں پاکستان کا کم سے کم حصہ جو کہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، کے باوجود ملک عالمی اخراج کی بھاری قیمت چکا رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ آئندہ نسلوں کے لیے زمینی وسائل کو بچانے کے لیے دنیا کو اب ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے مختلف شعبوں میں پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کی منظوری دی ہے جس کا بنیادی مقصد پوری دنیا میں لوگوں کو معیاری زندگی فراہم کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ایس ڈی جیز سے پہلے ہی پاکستان نے 2014 میں وڑن 2025 کے تحت اپنے قومی ترقیاتی اہداف کی منظوری دے دی تھی جس میں یہ تمام اہداف شامل تھے۔