کراچی میں زہریلی گیس سے 18 بچوں کی اموات کا انکشاف

پلاسٹک بنانے والی 4 فیکٹریاں سیل کردی گئی ہیں جبکہ ایک مالک اور 4 مزدوروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 26 جنوری 2023 23:16

کراچی میں زہریلی گیس سے 18 بچوں کی اموات کا انکشاف
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جنوری2023ء) کراچی کے ضلع کیماڑی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں گزشتہ چند روز میں زہریلی گیس سے متاثرہ 18 بچوں کی اموات کا انکشاف ہوا ہے۔ واقعے کے بعد چار کمپنیوں کو سیل کرکے ایک مالک اور دیگر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کیماڑی کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر جا کر تحقیقات کی، ٹیم نے زیریلی گیس سے اموات کی تصدیق کردی۔

ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ پلاسٹک بنانے والی 4 فیکٹریاں سیل کردی گئی ہیں جبکہ ایک مالک اور 4 مزدوروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق انتقال کرنے والے بچے سینے میں تکلیف، بخار اور گلے میں تکلیف کا شکار رہے۔ انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ علاقہ پولیس کو متعدد بار شکایت کی گئی پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ضلع کیماڑی کو مقدمہ درج کرنے کےلیے درخواست دے دی گئی ہے۔

انتظامیہ ضلع کیماڑی کے مطابق رہائشی علاقوں میں فیکٹریاں بنانے پر مکمل پابندی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ضلع کیماڑی کے علاقے میں مبینہ زہریلی گیس سے بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی، ڈی جی ہیلتھ اور لیبر ڈپارٹمنٹ سے واقعہ کی الگ الگ رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ محنت، محکمہ صنعت اور ضلعی انتظامیہ کو واقعے کی مکمل انکوائری کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔.