ماسٹر پلان منصوبے میں مبینہ کرپشن کے معاملے پر پرویزالہیٰ کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ

پرویزالہیٰ اور اسلم اقبال کیخلاف نیب لاہور میں 12 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ماسٹرپلان منصوبے میں مبینہ کرپشن کے ثبوت نیب لاہور میں جمع کرائے گئے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 26 جنوری 2023 23:53

ماسٹر پلان منصوبے میں مبینہ کرپشن کے معاملے پر پرویزالہیٰ کو شامل تفتیش ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جنوری2023ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے لاہور ماسٹر پلان کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور سابق سینئر صوبائی وزیر اسلم اقبال کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ماسٹر پلان منصوبے میں مبینہ کرپشن کے معاملے پر نیب نے پرویزالہیٰ اور صوبائی اسلم اقبال کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پرویزالہیٰ اور اسلم اقبال کیخلاف نیب لاہور میں 12 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

ماسٹرپلان منصوبے میں مبینہ کرپشن کے ثبوت نیب لاہور میں جمع کرائے گئے۔ درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ لاہور ماسٹرپلان کے تحت ایک لاکھ 87 ہزارکنال رشوت لیکر کمرشل زمین بنائی گئی جبکہ کچھ منظور نظر تاجروں کیلیے 100 مربع کلومیٹر کے گرین علاقے کو براون بنایا گیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ 10 جنوری کو لاہور ہائی کورٹ نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے لاہور ماسٹر پلان 2050 پر تاحکم ثانی عمل درآمد روک دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری عبدالرحمٰن کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ماسٹر پلان کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پر حکومت پنجاب، چیف سیکریٹری اور متعلقہ فریقین سے جواب طلب کرلیا۔۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے ماسٹر پلان 2050 کو معطل کرنے کا عبوری تحریری حکم جاری کردیا ہے۔ عدالت عالیہ لاہور نے تحریری حکم میں محکمہ ماحولیات، لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) اور دیگر فریقین کو 25 جنوری تک جواب داخل کرانے کی ہدایت کی ہے۔

تحریری حکم میں مزید کہا گیا کہ درخواست میں اہم قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں اس لیے درخواست سماعت کےلیے منظور کی۔ اگلی سماعت تک ماسٹر پلان پر عمل درآمد معطل رہے گا، دوسری طرف عبوری حکم نامے میں درخواست گزار کے وکیل کے دلائل بھی شامل کیے گئے ہیں۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ لاہور کا ماسٹر پلان ایل ڈی اے ماسٹر پلان رولز 2014 کی خلاف ورزی ہے، جس کی منظوری کا طریقہ کار بھی قانون کے مطابق نہیں تھا۔